خیبرایجنسی (ویب ڈیسک) جلال آباد میں قتل کئے گئے پاکستانی سفارتکار رانا نیئر اقبال کا جسد خاکی اسلام آباد پہنچا دیا گیا، ان کی تدفین بعد نماز عصر کی جائے گی۔ رانا نیئر اقبال کو گزشتہ روز اس وقت گولیاں ماری گئی تھیں جب وہ مغرب کی نماز کے بعد گھر جا رہےتھے۔
تفصیلات کے مطابق جلال آباد میں قتل کیے گئے پاکستانی قونصل خانے کے اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری رانا نیئراقبال کا جسد خاکی اسلام آباد ان کی رہائش گا ہ پہنچا دیا گیا۔ تدفین بعد نماز عصر اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں کی جائے گی۔ اس سےقبل رانا نیئراقبال کی میت طورخم گیٹ پر پاکستانی حکام کے حوالے کر دی گئی۔ میت کو طورخم پولیٹیکل انتظامیہ اور ایف سی فرنٹیئر کور کے حکام کے حوالے کیا گیا جہاں ان کے لئے دعا کی گئی۔ طورخم پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ سفارتکار کو ایمبولینس کے ذریعے طورخم سے لنڈی کوتل پہنچا دیا گیا، جہاں ان کی میت لنڈی کوتل سے پشاور منتقل کر دی گئی۔
حکومت پاکستان نے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قتل میں ملوث افراد کو فوری طور پر پکڑا جائے۔