اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ منصوبہ بند ی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں تاریخ رہی ہے کہ ایک عشرہ جمہوریت دوسرعشرہ ا مارشل لاءکا چلتا آرہا ہے،جمہوریت کا عشرہ مکمل ہو رہا ہے،پوری قوم دعا کرے کہ اگلا عشرہ بھی مہوریت کا ہو تا کہ ابھرتی ہوئی معیشت اپنی منزل تک پہنچ سکے،کوشش ہے کہ تحریک لبیک کا دھرنا مذاکرات کے ذریعے ختم ہوتاہم اگر ضرورت پڑی تو حکومت اور انتظامیہ مذاکرات کی بجائے دیگر آپشنز بھی استعمال کرے گی،ملک میں جنگل کا قانون نہیں کہ جو چاہے استعفے مانگتا پھرے، وزیرقانون زاہد حامد استعفیٰ کیوں دیں، سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل برقرار نہ رہنے کے باعث ترقی نہیں کر سکے،اب کسی ستیاناس اور بیڑا غرق بریگیڈ کی گنجائش نہیں ،ماضی میں دہشت گردوں نے ریاست کو آگے لگایا ہوا تھا اب ریاست دہشت گردوں کا پیچھا کررہی ہے،لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے،کھیلوں کے میدان آباد ہو چکے ہیں، دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہے،تبدیلی آ رہی ہے جھگڑا کس بات کا ہے، علامہ اقبال نے سوئی ہوئی قوم کو جگا کر اس میں یقین پیدا کیاجو افراد کا سرمایہ تعمیر ملت ہے،ہمیں خود پر یقین کرنا ہے،ایسی سوچ کو مسترد کرنا چاہیے جو بے یقینی پیدا کرے۔وہ جمعرات کو یہاں پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر میں ”یوم اقبال“ کے موقع پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ جب انسان یقین اور خود اعتمادی کا دامن چھوڑ دیتا ہے تو وہ شخصیت اور کردار کے بحران میں مبتلا ہو جاتا ہے، اس حالت میں انسان کو ہر کوئی اپنے سے برتر نظر آتا ہے،علامہ اقبال نے سوئی ہوئی قوم میں یقین کو پیدا کیا، یقین افراد کا سرمایہ تعمیر ملت ہے، علامہ اقبال کی خودی احساس برتری نہیں ہے اور نہ ہی تکبیر ہے بلکہ اپنے وجود پر اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی سماجی ترقی کےلئے خود اعتمادی بنیادی جزو ہے،علامہ اقبال نے خودی کا جذبہ قوم میں جگایا، مثبت سوچ اپنائے بغیر ملت کی تعمیر اور تکمیل نا مکمل ہے، علامہ اقبال ہمیں خود پر یقین کرنے کا درس دیتے ہیں، ہمیں ایسی سوچ کو مسترد کرنا چاہیے جو بے یقینی بنا کرے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کے فضل سے ابھر رہا ہے، یہ وہی پاکستان ہے جو 4سال 20گھنٹے بجلی سے محروم تھا، گھروں میں یو پی ایس کی بیٹری چارج نہیں ہوتی تھی کہ بجلی پھر چلی جاتی تھی اور لوگ موم بتی جلانے پر مجبور ہو گئے تھے، آج پاکستان میں 20گھنٹے بجلی آرہی ہے، امن کے سائے پھیل رہے ہیں، پاکستان جس کی معیشت مردہ ہو چکی تھی، آج ورلڈ بینک کہہ رہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو ہائیسٹ گروتھ ریٹ حاصل ہے، پہلے پاکستان سے سرمایہ کار جا رہے تھے جبکہ آج پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آرہی ہے، آج پاکستان ابھر رہا ہے،آج پاکستان میں کسی ستیاناس اور بیڑا غرق برگیڈ کی گنجائش نہیں ہے، آج ہمیں خود پر یقین کرنا ہے،ہمیں پاکستان کو آگے لے جانے کےلئے زیادہ محنت کرنی ہے۔