اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے سیکرٹری مذہبی امور خالد مسعود چودھری کی مزاحمت کے باوجود سرکاری خرچ پر کمیٹی کا 10رکنی وفد ربیع الاول کو روضہ رسول پر حاضری کے لیے سعودی عرب بھجوانے کی منظوری دیدی، وزارت مذہبی امور کو آئندہ دس روز کے اندر وفد کے دورے کے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت، وزیر مملکت مذہبی امور نے ہدایت پر عمل کیلئے تحریری حکم کے مطالبے پر وفد کے تمام تر اخراجات اٹھانے کی حامی بھرلی۔ کمیٹی کے تمام ارکان وزارت مذہبی امور کے سرکاری خرچے پر سعودی عرب جانے کیلئے یک زبان ہوگئے اوراپنے نام وفد میں شامل کرانے کیلئے ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی کوشش کرتے رہے، پیپلزپارٹی کے اقلیتی رکن رمیش لال کی جانب سے سرکاری خرچے کی بجائے ذاتی خرچے پر دورے کی تجویز پر کسی بھی رکن نے کان نہ دھرے۔ کمیٹی کی چیئرپرسن سمیت جماعت اسلامی کے صاحبزادہ یعقوب، جے یو آئی کے مولوی آغا محمد سمیت تمام ارکان وفد کا دورہ سرکاری خرچے پر کرنے پر زور دیتے رہے۔