لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور میں پولیس چھاپے کے دوران پولیس اہلکاروں کی طرف سے خاتون کے کپڑے پھاڑ کر موبائل ویڈیو بنانے اور بلیک میل کرنے کےلئے اس ویڈیو کو سوشل میڈیا میں پھیلانے کاانکشاف سامنے آیا ہے۔ واقعے میں ملوث 2تھانیداروں کو انکوائری میں قصور وار پائے جانے پر فوری طور پر نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ جبکہ ناکے پر شہری سے رشوت لینے پر ایک پولیس کانسٹیبل کو بھی نوکری سے فارغ کردیاگیا۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس چھاپے کے دوران پولیس کے 2 تھانیداروں انتظار عباس اور نجم عباس نے شہری عبدالغفار کی بیوی کے کپڑے پھاڑ کر ویڈیو بنائی اور بلیک میل کرنے کے لیے اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پھیلا دیا۔ سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)امین وینس نے واقعہ کا علم ہونے پر دونوں پولیس تھانیداروں پر لگنے والے الزام پر ایس پی عہدے کے افسر کو میرٹ پر انکوائری کرنے کے احکام جاری کیے، دونوں تھانیداروں کو الزام پر شوکاز نوٹس دیاگیا اور انکوائری میں شامل کیاگیا۔ انکوائری رپورٹ میں دونوں تھانیدار انتظار عباس اور نجم عباس قصور وار پائے گئے۔