سرےنگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع کپواڑہ میں تین اورکشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے ان نوجوانوں کوضلع میں ہندواڑہ کے علاقے ماگام میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ان شہادتوں سے علاقے میں گزشتہ پانچ دنوں کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیریوں کی تعداد بڑھ کر 11ہو گئی ہے۔ ادھر ہزاروں افراد نے آج ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں ایک شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ عادل رشید چوپان کو بھارتی فوجیوںنے گزشتہ روز ترال کے علاقے سیر جاگیر میں شہید کردیاتھا ۔ سترہ سالہ نوجوان عادل کی میت کوجب قبرستان لاےاگیا تو جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ نوجوان کی شہادت پر ترال قصبے اور ملحقہ علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ علاقے میں آج مسلسل دوسرے روز بھی انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت سے کہاہے کہ وہ جموںوکشمیر کے عوام کا اپنا حق خودارادیت استعمال کرنے کی اجازت دے جس کا وعدہ بھارتی حکمرانوں نے کئی دہائیوں قبل کشمیری عوام سے کیا تھا۔ انہوںنے کشمیری شہداءکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان تحریک آزادی کو اپنے خون سے سینچ رہے ہیں ۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے ایک بیان میں شبیر احمد شاہ سمیت نئی دلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماﺅں کی گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ فورم نے کہاکہ حریت قیادت کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔