سلام آباد(خصوصی رپورٹ)سپریم کورٹ نے سلام آباد دھرنے سے متعلق انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹس پرعدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ ایجنسیوں پراتنا پیسہ خرچ کرتے ہیں، ان کا کردار کہاں ہے، وہ کیوں خاموش ہیں، اگر خفیہ بات ہے تو بند لفافے میں دے دیں، لگتا ہے مسلمانوں کا اسلامی ریاست میں رہنا مشکل ہو رہا ہے، اداروں کو بدنام کیا جا رہا ہے، ہم کوئی احکامات نہیں دیں گے، حکومت اپنا کام خود کرے، ہم قانون کی تشریح کر سکتے ہیں، دھرنے والے لوگ کون ہیں، آئی ایس آئی کی رپورٹ تسلی بخش نہیں، صرف چار نام لکھ کر دے دیئے، لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہے لیکن دھرنے والوں کو کوئی تکلیف نہیں۔ یہاں اسٹریٹجک اثاثے پڑے ہیں، ایجنسیاں ان کے کاروبار، بینک اکاﺅنٹس اور ٹیکس سے متعلق بتائیں، دھرنے کے لیڈرز کہاں سے کھاتے پیتے ہیں؟ ان لوگوں کا کاروبار نہیں کیا یہ ملنگ فقیر ہیں؟ انہیں کون فیڈ کر رہا ہے، کیا یہ لوگ باہر سے آ گئے آئی ایس آئی کو معلوم نہیں؟ اس سے اچھی رپورٹ تو میڈیا دے دے گا، سنجیدگی دکھائیں، ایسی ہی رپورٹ انٹیلی جنس بیورو کی ہے، معاملے کا پتہ چلانا ایجنسیوں کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے آئی ایس آئی سے دھرنے سے متعلق دوبارہ رپورٹ طلب کرتے ہوئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران کو طلب کر لیا اور سماعت30نومبر تک ملتوی کر دی۔جمعرات کوجسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اسلام آباد دھرنا از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ وزارت دفاع اور داخلہ کی جانب سے رپورٹس جمع کرائی گئیں۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت تمام حالات سے آگاہ تھی لیکن کوئی اقدامات نہیں کئے۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ حکومت اور احتجاج کرنے والے بنیادی نکتہ نظر انداز کر رہے ہیں، کیا یہ اسلام ہے، کیا اسلام میں کوئی ڈنڈا ہے، مسلمان جب ملتے ہیں تو ایک دوسرے کو سلام کرتے ہیں، کیا لوگوں نے قرآن مجید کا ترجمہ پڑھنا چھوڑ دیا ہے، اختلافات ہوتے رہتے ہیں، کیا عدالتیں بند ہوگئی ہیں۔ کل کوئی اور آکر راستوں کو بند کردے گا۔ رسول اللہ صلی للہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مسکرانا بھی صدقہ ہے مگر مجھے کوئی مسکراتی شخصیت نظر نہیں آتی، گالی گلوچ کی زبان استعمال کی جاتی ہے کیا معاشرہ اس طرح چلتا ہے، کیا یہ چیز معاشرے کو تباہ نہیں کر رہی۔جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ کنٹینروں کا خرچہ بھی عوام دیتے ہیں، غلطی تو مجھ سے بھی ہو سکتی ہے مگر مجھے بضد تو نہیں ہونا چاہئے، سمجھ نہیں آرہا کہ کیا کریں، ہمیں ایمان، اتحاد اور تنظیم نظر نہیں آتی۔ انہوں نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا اسلام امن سے پھیلا ڈنڈے سے نہیں، جس کو مرضی گالیاں دے دو سب تالیاں بجائیں گے، دین میں کوئی جبر نہیں، دشمنوں کے لئے کام بہت آسان ہوگیا، وہ ہمارے گھر میں آگ لگا رہے ہیں، جب ریاست ختم ہوجائےگی تو سڑکوں پر قتل ہونگے، ثواب کا میٹر ہمیشہ چلتا رہتا ہے، میڈیا والے اشتعال پھیلانے والوں کو کیوں بلاتے ہیں، ہم نے آرٹیکل 5 کو نظر انداز کردیا ہے، اگر آرٹیکل 5 کی پابندی نہیں کرنی تو پاکستان کی شہریت چھوڑ دیں، غیر ملکی بھی پاکستانی قوانین کے پابند ہیں، مگر یہ لوگ کس قانون کے پابند ہیں۔جسٹس مشیرعالم نے کہا کہ کیا حکومت ماضی میں کی گئی کمٹمنٹ بھول گئی ہے، کیا حکومت کو یاد نہیں کہ ماضی میں کیا ہوا تھا، کیا پنجاب میں کوئی دشمن موجود ہے؟۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ عوام کو بتایا جائے کہ دھرنے کی وجہ سے کتنا خرچہ ہو رہا ہے، سوشل میڈیا پر جو کچھ چل رہا ہے پیمرا نوٹس نہیں لے رہا، پھر مقدمات عدالت میں نہ لائیں سڑکوں پر لے جائیں، پیغام مل گیا ہے کہ چند لوگوں کو اکٹھا کرنا ہے، میڈیا کو بھی ریٹننگ کیلئے مرچ مصالحہ چاہیے، دھرنے سے اسلام کی عظمت بڑھ نہیں رہی۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ دھرنے والوں کو سمجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، سوشل میڈیا پیمرا کے ماتحت نہیں آتا، دھرنے میں مسلح لوگ بھی موجود ہیں، ربیع الاول میں صورتحال خراب نہیں کرنا چاہتے، آج بھی دھرنا ختم ہونے سے متعلق پیشرفت کا امکان ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ 169 لوگوں کو گرفتار کر کے 18 مقدمات درج کیے گئے، راستے بند ہونے سے ایک بچہ جاں بحق ہو گیا۔جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ ایک بچے کا وفات پا جانا معمولی بات نہیں ہے، ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، یہ بات دھرنے والوں کے دل میں سما جاتی تو وہ چلے جاتے اور توبہ کرتے، شرمندگی سے ہماری آنکھیں جھک گئی ہیں۔ میرا دل چکنا چور ہو گیا ہے، پیاسے کتے کے مرنے پر کون ذمہ دار ہوگا؟، کیا راستے بند ہونے سے وفات پانے والے بچے کے گھر کوئی حکومتی شخص گیا؟، ہم کتنا گر چکے ہیں، کل پولیس والے کو مسجد سے نکال کر مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیا لاڈ سپیکر پر دھرنے والوں کو جانے کا کہا گیا؟، پارلیمان، عدلیہ اور علما اپنا اپنا کام کریں، کیا ججز کو گالیاں دی گئی ہیں؟ ہماری طرف سے گالیاں دینے والوں کو شکریہ کہہ دیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ کیا ایجنسیاں مر چکی ہیں؟ میڈیا کو پتہ ہے حکومت کو پتہ نہیں، نئی نسل کو اسلام کے بارے میں کیا بتائیں گے؟، کیا عدالت بند کر کے گھر چلے جائیں؟ عدالت اور عدل کا راستہ روکنا بھی گناہ ہے۔ کیا حکومت کے پاس سنجیدہ پلان آف ایکشن ہے؟، ہرجگہ ہر کسی کا اپنا قانون ہے، پھر آئین کو ختم کر دیں۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ اس طرح تو چند لوگ شہر کو یرغمال بنا سکتے ہیں، کسی ریلی کو دھرنے میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ دھرنے کے اخراجات کون برداشت کر رہا ہے، یہ اخراجات خزانے سے کیوں جائیں؟۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ دھرنے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کھلی عدالت میں نہیں چیمبر میں بتا سکتے ہیں، جس پر جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ اگر خفیہ بات ہے تو بند لفافے میں دے دیں، لگتا ہے مسلمانوں کا اسلامی ریاست میں رہنا مشکل ہو رہا ہے، اداروں کو بدنام کیا جا رہا ہے، ہم کوئی احکامات نہیں دیں گے، حکومت اپنا کام خود کرے، ہم قانون کی تشریح کر سکتے ہیں۔
حکومت نے گذشتہ 18روز سے فیض آباد میں جاری دھرنے کیخلاف سخت کارروائی کیلئے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے انکی سپلائی لائن کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، انتظامیہ نے فیض آباد کی طرف جانیوالے تمام راستے بند کرتے ہوئے مری روڈ پر مزید کنٹینرز لگادیئے ہیں جبکہ کھانے پینے کے سٹالز اور فیض آباد پل کے گرد سٹریٹ لائٹس بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنے والے لال مسجد اور ماڈل ٹاون جیسا واقعہ ڈھونڈ رہے ہیں یہ لوگ ہمارے لیے لال مسجد کا پھندا لیے کھڑے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ دھرنے کے پیچھے جو مقصد ہے وہ ہمیں معلوم ہے، ختم نبوت کے نام پر منفی سیاست کی جارہی ہے اور دھرنے والے لوگوں کو ورغلا رہے ہیں لیکن ریاست ان لوگوں کے سامنے نہیں جھکے گی۔وزیر داخلہ نے دھرنے کو (ن) لیگ کا ووٹ بینک متاثر کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دھرنے کا مقصد مسلم لیگ (ن) کو بریلوی مکتبہ فکر سے لڑانے کی سازش ہے، جس قانون کی دھرنے والے بات کرتے ہیں وہ وزارت قانون نے تیار ہی نہیں کیا، محض ضد اور انا سے کوئی وزیر قانون سے استعفا نہیں لے سکتا اور کنپٹی پر پستول رکھ کر کوئی شرط نہیں منواسکتا تاہم دھرنے والے جائز شکایت پر مذاکرات کریں ہم ان کی بات سنیں گے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر چاہیں تو آپریشن کرکے تین گھنٹوں میں علاقہ کلیئرکرالیں لیکن ہمیں یہ ضمانت کون دے گا کہ معاملہ نہیں پھیلے گا تاہم آئندہ 24گھنٹوں میں دھرنے سے متعلق اہم اعلانات متوقع ہیں۔حکومت کے پاس دھرنے والوں کے سامنے سرنڈر کرنے کا کوئی آپشن نہیں ہے۔آج ان کے مطالبات مان لیے تو مزید لوگ اسلام آباد میں دھرنے دینا شروع ہو جائیں گے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دھرنے والوں کے ناجائز مطالبات ماننے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ قوم کو تقسیم کرنا ختمِ نبوت قانون کے ساتھ دشمنی ہے۔ عوام کو مشتعل کرنے والے اس قانون پر سیاست کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ دھرناآسمان سے نہیں گرا بلکہ ایک سیاسی ایجنڈے کے تحت ہے۔
کل مسالک ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے راہنماﺅں مولانا شیخ محمد نعیم بادشاہ سلفی ،مفتی عاشق حسین رضوی،شفیق رضا قادری،حافظ شعیب الرحمن قاسمی، علامہ وقار الحسنین نقوی اور ترجمان ختم نبوت حافظ عمر ممتاز اعوان نے بتایا ہے کہ آج جمعہ 24نومبر کو دینی جماعتیں ملک بھر میں یوم تحفظ منائیں گی جس کے تحت تحفظ ختم نبوت کی تمام مکاتب فکر کی دینی جماعتوں ورلڈ پاسبان ختم نبوت، جمعیت علماِ اسلام،جمعیت علماِ پاکستان، جماعت اسلامی ،جمعیت اہلحدیث، جمعیت اہلسنت،تحریک ملت جعفریہ اور تنظیم علما و مشائخ اہلسنت کے علما و خطبا ملک بھر کی ہزاروں مساجد میں عقیدہ ختم نبوت کیخلاف سازشوں پر صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے عوام الناس سے مذمتی قراردادیں پاس کرائیں گے جبکہ مختلف شہروں کی بڑی بڑی مساجد کے باہر بعد نماز جمعہ تحفظ ختم نبوت مظاہرے کیے جائیں گے۔ نیز لاہور میں ورلڈ پاسبان ختم نبوت ، شہریان پاکستان اور تاجر برادری نے تحفظ ختم نبوت مارچ کا اعلان کیا ہے۔ جمعة المبارک کی نماز کے بعد جے یو پی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، جماعت اسلامی، انجمن طلباءاسلام، سنی تحریک، تحریک ختم نبوت کے زیراہتمام جلسے جلوس ریلیاں نکالی جائیں گی۔ تنظیموں کے مطابق اسلام آباد دھرنا ختم دینے والوں کی مکمل حمایت جاری رہے گی۔ حکومت وفاقی و صوبائی وزرات کو لگام دے، ورنہ حالات خراب ہوں گے۔ مشائخ عظام سجادہ نشینوں پیر سید عرفان شاہ المعروف نانگا مست، پیر مرید حسین شاہ، آستانہ عالیہ سید نور نبی شاہ، پیر منور شاہ، پیر انور شاہ گیلانی آستانہ عالیہ پشاور، آستانہ عالیہ پیر فیض محمد کے سجادہ نشین پیر سراج الحق سمیت سینکڑوں مشائخ عظام نے 12ربیع الاول کے بعد تحریک لبیک یا رسول اللہ کے دھرنے میں شرکت کا اعلان کر دیا۔