پشاور:(ویب ڈیسک) پولیس نے زرعی ڈائریکٹوریٹ پر گذشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔پولیس کے مطابق مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق تحقیقاتی حکام نے مختلف کیمروں کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کرلی ہے جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے اعضاءکے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے آج لاہور بھجوائے جائیں گے۔پولیس کے مطابق پشاور حملے میں زخمی 19 افراد کا علاج مختلف اسپتالوں میں جاری ہے، جن میں سے 11 پشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال، 6 حیات آبادمیڈیکل کمپلیکس جبکہ 2 سی ایم ایچ میں زیر علاج ہیں۔زرعی ڈائریکٹوریٹ غیرمعینہ مدت کے لیے بندحکام کا کہنا ہے کہ زرعی ڈائریکٹوریٹ انسٹیٹیوٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔دوسری جانب محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے اعلان کے مطابق آج ہفتہ (2 دسمبر) کو صوبے میں تمام اسکول معمول کے مطابق کھلیں رہیں گے۔اسپیشل سیکرٹری محکمہ تعلیم خالد خان کے مطابق زرعی ڈائریکٹوریٹ پر دہشت گرد حملے کے بعد صوبے میں ہفتہ کو اسکول بند کرنے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں اور تمام اسکول معمول کے مطابق کھلیں رہیں گے۔امریکا کی جانب سے حملے کی مذمتامریکا کی جانب سے پشاور کے زرعی ڈائریکٹوریٹ پر گذشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اورعوام کےساتھ ہیں اور حملے میں شہید افراد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کےخلاف پاکستان اور اتحادیوں کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔یاد رہے کہ گذشتہ روز پشاور میں زرعی ڈائریکٹوریٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 9 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور کامیاب آپریشن کرتے ہوئے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔