لاہور (کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں عید میلادالنبی کے موقع پر پولیس مرکزی جلوسوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی پر معمور رہی ، شہر کے دیگر گلی محلوں میں اوباش ویلروں کا راج ، بلا خوف و خطر شہر کی معرو ف شاہراﺅں پرمسلح ویلر کرتب دکھاتے رہے ،بغیر سائلنسر موٹر سائیکلوں کی آوازوں سے گھروں اور ہسپتالوں میںزیر علاج مریض اذیت سے دوچار ،اوباش موٹرسائیکل سوار کھلے عام خواتین کو چھیڑتے اور دست اندازی کرتے رہے ،تھانے کے ڈالے ، پی آر یوکی چمچماتی گاڑیاں اور ڈولفن کی ہیوی بائیکس غائب، شہری پولیس کو کوستے رہے ،ڈولفن اور پی آر یو سمیت تھانے کی گاڑیاں بھی مرکزی مقامات پر ڈیوٹیاں دیتی رہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ شہر بھر میں جہاںجشن عید میلادالنبی کی آمد کے موقع پر شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے عاشقان رسول کی جانب سے سرکار کی آمد کے مبارک دن کی مناسبت سے سجائی گئی گلی ،محلوں ،بازاروں اور دیگر مقامات کا رُخ کیا لیکن لاہور پولیس کی بھاری نفری شہر میں منعقد ہونے والے مرکزی جلوسوں اور حساس مقامات پر عید میلاد النبی کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات پر سکیورٹی کی ڈیوٹیاں سرانجام دینے میں مصروف رہی جس وجہ سے گلی محلوں میں ویلروں اور اوباش موٹر سائیکل سواروں نے ٹولیوں کی شکلوں میں گلی محلو ں اور بازاروں کا رُخ کیا جہاں کثیر تعداد میں فیملیاں جشن آمد رسول کے سلسلہ میں کی گئی سجاوٹ کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں نکلی ہوئی تھیں ۔ ان ویلروں اور اوباش موسائیکل سواروں میں سے متعدد کے پاس اسلحہ تھا جبکہ بیشتر نے اپنی موٹر سائیکلوں کے سائلنسر اتار رکھے تھے جس وجہ سے موٹرسائیکلوں کی آوازیں خواتین اور بچوں کو حراساں کرتی رہیں۔ان بغیر سائلنسر موٹر سائیکل سواروں کے گلی محلوں اور ہسپتالوں کے قریب سے گزرنے پر گھروںاور ہسپتالوں میں بیمار شہری سخت اذیت سے دوچار رہے ۔یہ اوباش چونکہ ٹولیوں کی شکل میں بڑی تعداد میں گلی محلوں میں ان رش والوں جگہوں پر گھستے رہے جہاں خواتین کی بڑی تعداد جشن آمد رسول کے موقع پر کی جانے والی سجاوٹ دیکھنے آئی ہوئی تھی۔ تاہم یہ بدبخت اوباش شدید رش میں خواتین سے بدتمیزی اور دست اندازی کرتے رہے ۔ تعداد میں زیادہ اور مسلح ہونے کی وجہ سے فیملیوں کے ساتھ مرد اور گلی محلے سجانے والے مقامی افرادخون خرابے سے بچتے ہوئے ان کو کچھ نہ کہہ سکے ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ معمول کے دنوں میں ڈولفن اور پی آر یوسکواڈ سمیت تھانے کے ڈالے بھی ان گلی محلوں میں پٹرولنگ کرتے رہتے ہیں اور اب جبکہ قانون کے رکھوالوں کی ضرورت تھی تو یہ غائب رہے جس سے ان اوباش بد بختوں کو کھل کر بے غیرتی کر نے کا موقع ملا ۔