گڑھی خدا بخش(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں اب دہرا انصاف نہیں چلے گا اگر اب کسی کو این آر او دینے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے۔بے نظیر بھٹو شہید کی 10ویں برسی کے موقع پرگڑھی خدابخش میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہمارا فلسفہ ہمیں صبرسکھاتا ہے مخالفین جان لیں ہم میں برداشت ہے مگرآپ میں برداشت کی ہمت نہیں، سارے آر اوکے بنائے ہوئے لیڈرزہیں،انڈوں سے گندے بچے نکل رہے ہیں جو آپ کے خلاف کام کرتے ہیں۔سابق صدر نے کہا کہ جس طرح آپ کوہم سے ایشوزہیں ہمیں بھی آپ سے ایشوزہیں آپ نے ہمیشہ ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے آج بھی آپ کوشش کررہے ہیں کہ کوئی این آر او مل جائے لیکن کسی نے این آر او دینے کی کوشش کی تو مزاحمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے خلاف سازش ہوئی ہےاورسازش اب تک جاری ہے لیکن مجھے پارٹی کوسنبھال کرچلانا ہے، تاریخ میں مجھ جیسے بہت لیڈرآئیں گے اورجائیں گے مگرنام بھٹوکا رہے گا۔آصف زرداری نے کہا کہ آج 10 سال ہوئےہیں لگتا ہے کل بےنظیرہم سے رخصت ہوئی ہیں آج برسی کے موقع پر اپنی بیٹیوں اور بیٹے کے ساتھ آیا ہوں،بلاول،بختاور اورآصفہ قوم کے بچے ہیں اور میں ہر ورکر کو اپنا بچہ سمجھتا ہوں، میرا ایک ورکر زخمی یاشہید ہوتا ہے تو دل روتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بےنظیرجیسی لیڈر صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیامیں کوئی نہیں، میں نےبےنظیرجیسا بہادر کوئی مرد بھی نہیں دیکھا۔