میلبورن ٹیسٹ، انگلینڈ کی پوزیشن مضبوط

میلبورن (اے پی پی) ایلسڑ کک کی شاندار ناقابل شکست سنچری کی بدولت انگلینڈ نے میلبورن ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنالئے، ایلسٹر کک نے ناقابل شکست 104 رنز بنائے، اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 327 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی تھی، ڈیوڈ وارنر 103، سمتھ 76 اور مارش 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، انگلینڈ کی طرف سے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹورٹ براڈ نے 4، جیمز اینڈرسن نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، انگلینڈ کو کینگروز اننگز کا سکور برابر کرنے کےلئے 135 رنز درکار ہیں، آسٹریلیا کی طرف سے ہازلیووڈ اور نیتھن لیون نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ بدھ کو میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ پر آسٹریلوی ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 244 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان سٹیون سمتھ 65 رنز اور مارش 31 رنز پر کھیل رہے تھے۔ کپتان سٹیون سمتھ آسٹریلیا کے چوتھے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 76 رنز بناکر کیورن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، مچل مارش آسٹریلیا کے پانچویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 9 رنز بناکر واکیز کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، انکے بعد شان مارش کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 61 رنز بناکر براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے، پائن آسٹریلیا کے ساتویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 24 رنز بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، برڈ آسٹریلیا کے آٹھویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بناکر سٹورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے، کیومنز 4 رنز بناکر سٹورٹ براڈ کی گیند پر کک کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔

اولین چارروزہ ٹیسٹ میں پروٹیزکی بڑی جیت

پورٹ ایلزبتھ(سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقہ نے تاریخ کے پہلے چارروزہ ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کو اننگزاوررنزسے ہرادیا ۔ زمبابوین ٹیم پہلی اننگز میں محض 68رنز پر آﺅٹ ہو کرفالوآن کا شکار ہوگئی ۔دوسری اننگز میں بھی ٹیم 121رنزہی بناسکی اورایک اننگز اور 120رنز سے ہارگئی ۔پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے جانیوالے ٹیسٹ کے دوسرے روززمبابوے نے پہلی اننگز 30رنز4آﺅٹ سے دوبارہ شروع کی توباقی ٹیم سکورمیں38رنزکااضافہ ہی کرسکا۔مورنے مورکل نے5بلے بازوں کوچلتاکیا۔241رنزکے خسارے میں جانے کے بعد فالوآن پرزمبابوے نے دوبارہ بیٹنگ کی توٹیم121پرپویلین واپس لوٹ گئی۔دوسری اننگز میں کیشومہاراج نے5آﺅٹ کیے۔

مریم نواز نے ایک نئی سازش بے نقاب کر دی

لاہور (آئی این پی) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کا ساتھ بیٹھنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست، جمہوریت اور حکومت کے خلاف ایک نئی سازش تیار ہورہی ہے۔ بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کا ساتھ بیٹھنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست جمہوریت اور حکومت کے خلاف ایک نئی سازش تیار ہورہی ہے، عمران خان کی اس سے بڑی ناکامی کیا ہو گی کہ اس کی پہچان ایک سیاسی اور جمہوری رہنما کی بجائے ایک سازشی اور مہرے کی ہے، سازشی مہروں کے پاس کوئی عوامی ایجنڈا نہیں، ان کو صرف سازش کے تحت انتشار کےلئے اکٹھا کیا جاتا ہے ،لوگوں کو سب سمجھ ہے۔

 

خصوصی سعودی طیا رے کے ذریعے شہباز شریف کی اچانک روانگی

لاہور (خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سعودی عرب روانہ ہو گئے وہ سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے اور سعودی عرب میں اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیراعلیٰ سعودی عرب کی جانب سے بھجوائے گئے خصوصی طیارے میں سعودی عرب روانہ ہوئے۔ سیاسی مبصرین سعودی حکومت کی جانب سے شہباز شریف کو بلانے اور اس مقصد کےلئے خصوصی طیارہ بھیجنے کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو کسی انتہائی اہم مشن کی غرض سے سعودی عرب بلایا گیا ہے کیونکہ سعودی حکومت کا یہ اقدام غیرمعمولی ہے جس سے یہ بھی اندازہ ہوتا ہے کہ ان کے جن معاملات پر بات چیت کرنا مقصود ہے وہ فوری نوعیت کے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف تین روز تک سعودی عرب میں قیام کرینگے، اس دوران دیگر کے علاوہ ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ بھی ملاقات ہوگی، جس میں دوطرفہ دلچسپی کے کئی ایک اہم امور زیر بحث آئیں گے، تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے اچانک بلاوا اور اس مقصد کیلئے خصوصی طیارہ بھیجنے کا اقدام اہمیت کا حامل ہے، تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب کو آئندہ وزیراعظم کے طور پر شہباز شریف قبول ہیں۔

 

منصف درندے بن گئے،پنچا یت کی 35روز تک لڑکی سے اجتماعی زیادتی

تاندلیانوالہ ، فیصل آباد (نمائندگان خبریں ) پنچائیت ہی درندہ بن گئی معصوم 18 سالہ لڑکی سے پنچائتی ارکان باری باری زیادتی کرتے رہے، تفصیل کے مطابق چک نمبر 429 گ ب کی رہائشی (ر)نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ و ہ پسند کی شادی کرکے اپنے شوہر کے ساتھ گاو¿ں میں رہائش پذیر تھی ،(ر) کے والد نے گاو¿ں کی پنچائیت سے استدعا کی کہ میں اپنی بیٹی کی با عزت رخصتی چاہتا ہوں لہذا میری بیٹی میرے ساتھ روانہ کی جائے۔ پنچائیت 3 افراد پر مشتمل تھی جن میں سیف ولد میر محمد ،ناصر ولد میر محمد اور اعجاز ولد مختار شامل تھے، گاو¿ں کے رسم و رواج کے مطابق پنچائیت نے فیصلہ کے بعد 18 سالہ(ر) کو اپنے پاس رکھ لیا بعد ازاں پنچائیت کے تینوں افراد بدنیت ہوگئے اور لڑکی سے 35 دن تک زیادتی کرتے رہے(ر) شور مچاتی رہی ،اللہ کے واسطے دیتی رہی لیکن ظالموں کو ترس نہ آیا اور تینوں درندے اس کی عزت پامال کرتے رہے،متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ تھانہ سٹی میں درخواست دینے کے باوجود ایس ایچ او افضل جٹ نے کاروائی کرنے سے انکار کردیا،لڑکی نے الزام لگایا ہے کہ ایس ایچ او مبینہ طور پر ملزمان سے رشوت وصول کر چکاہے،متاثرہ لڑکی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگر میری دادرسی نہ کی گئی تو میں CPO آفس کے سامنے خود کو آگ لگا لوں گی ،(ر)نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے،ایس پی صدر نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

 

مفتاح اسماعیل نے مشیرخزانہ کا چارج سنبھال لیا

اسلام آباد (صباح نیوز) ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کو خزانہ اور اقتصادی امور کے لئے وزیر اعظم کا مشیر مقرر کردیا گیا۔ بدھ کو عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ ان کا درجہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔ صدر نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر تقرر کیا۔ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے سے متعلق پارٹی کی پالیسی کو آگے چلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بجٹ خسارے میں کمی اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔

 

سرکاری ملازمین کو بڑا دھچکا۔۔ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن بند

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) آئندہ وفاقی بجٹ 2018-19ءمیں تنخواہوں اور مراعات کاایک نیاپیکیج متعارف کروائے جانے کا امکان ہے جس میں ملازمین کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق تنخواہیں اور مراعات دی جائیں گی جبکہ ریٹائرمنٹ پر پنشن نہیں ملے گی۔ یہ پیکیج پاکستان میں پنشن کے بڑھتے بوجھ کو کم کرنے کیلئے متعارف کر ایا جائے گا، موجودہ حکومت کا یہ آخری بجٹ ہے جس میں عوام کو روزگار کی فراہمی ،بنیادی مسائل کا حل تر جیحات ہیں ،نئے بجٹ میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز (ایس گی ڈیز) کی طرز پر جامع اور بڑے مالیاتی پیکیج پر مشتمل خصوصی ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔ اس سال اس پروگرام کیلئے 20ارب کی رقم رکھی گئی تھی جو بڑھا کر 30ارب روپے کر دی گئی ہے اور آئندہ مالی سال کیلئے اس کیلئے تین گنا بڑے پیکیج کی تیاری کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف سے حالیہ مذاکرات میں حکومت کو سویلین اداروں کے ملازمین کی بڑھتی ہوئی پنشن کو مستقبل میں قابل برداشت حد کے اندر رکھنے کیلئے سرکاری ملازمت کا نیاڈھانچہ متعارف کروانے کی سفارش کی ہے جس میں ملازمین کو نجی شعبے کی طرز پر تنخواہ اور مراعات یکمشت ادا کرنے اور انہیں نوکری کے اختتام پر پنشن نہ دینے کی سفارش کی ہے۔ نئے ڈھانچہ کے تحت سرکاری ملازمین ماہانہ اضافی آمدن سے بچت کر کے اپنی آخری عمر کیلئے کوئی مالی اثاثہ بنا سکیں گے جس کیلئے انہیں مختلف پرائیویٹ پنشن سکیم اور دیگر سکیمیں آپشن کے طور پر دی جائیں گی جبکہ چاروں صوبوں میں پسماندہ ترین علاقوں میں وزیراعظم کے خصوصی ترقیاتی پروگرام کے تحت بجلی، پانی، تعلیم، صحت، گیس اور سیوریج کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 100ارب روپے سے زائد مالیت کے پیکیج کی تیاری بھی آئندہ بجٹ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزارت خزانہ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈائریکٹر مڈل ایسٹرن ریجن ہیرالڈ فنگر کی سربراہی میں آئی ایم ایف کی ٹیم نے پوسٹ پروگرام مانیٹرنگ کے حالیہ 10روزہ مذاکرات میں پاکستان کو تین سالہ اکنامک فریم ورک تیار کرنے کی ہدایت کی ہے جس میں سر فہرست بیرونی ادائیگیوں کے عدم توازن کو تر جیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جن میں سال 2018ءمیں 9ارب ڈالر کے قریب بیرونی قرض کی ادائیگی، ممکنہ طور پر 36ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کو پورا کرنے یا اس کو کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اس ضمن میں حکومتی ٹیم کو 180ارب روپے کے برآمدی پیکیج پر فوری عملدرآمد، ترسیلات زر میں اضافہ کیلئے ریمیٹینس سکیم میں بہتری اور درآمدی اشیاءپر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافے جیسے آپشنز پر فوری عملدرآمد کروانے کے ہدف کا سامنا ہے۔
نیا پیکیج

 

شریف خاندان کی سعودیہ میں ملاقاتیں کون ارینج کروا رہا ہے ،طاہر القادری کی اہم گفتگو

لاہور (خصوصی رپورٹ) پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری ملاقات کریں گے، ملاقات میں سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی پر بات چیت کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری اور طاہر القادری کے درمیان ٹیلفونک رابطہ ہوا ہے۔ جس میں دونوں رہنماﺅں نے آج ملاقات پر اتفاق کیا ہے دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات سانحہ ماڈل ٹاﺅن اور عوامی تحریک کی اے پی سی کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی پر بات چیت کی جائے گی۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطح کا وفد آصف زرداری کے ہمراہ ہو گا جس میں خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ اور رحمان ملک بھی شامل ہوں گے۔ دریں اثناءڈاکٹر طاہر القادری نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں منہاج القرآن علماءومشائخ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ڈوریں کوئی اور ہلا رہا ہے۔ نجی محفلوں میں پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے نواز شریف اب اعلانیہ بھی دشمن کی بولی بولنے لگے ہیں، عدلیہ آزاد اور آئین کے تابع ہے نوازشریف آج کل کسی اور کے تابع ہے۔ دونوں بھائی عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں دونوں ایک پیچ پر ہیں۔ نااہل نوازشریف نے ارادتاً ختم نبوت کے قانون کو ختم کیا، حلف نامہ بدلا وہ اپنے ریلیف کیلئے بیرونی قوتوں کو اپنا سیکولر چہرہ دکھانا چاہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی فرنٹ مین سعودی عرب میں ملاقاتیں ارینج کروا رہا ہے، شہبازشریف جس پرائیویٹ جہاز میں گئے وہ پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں ہے۔

 

خبریں کی خبر پر ایکشن8سالہ طالب علم کی آنکھ ضا ئع کرنیوالا ایک گرفتار

بھائی پھیرو (حاجی محمدرمضان سے ) خبریں میں نواحی گاﺅں جلیکی کے آٹھ سالہ طالبعلم کی آنکھ ضائع ہونے کی خبر نمایاں طور پر شائع ہوتے ہی محکمہ تعلیم،محکمہ صحت اور محکمہ پولیس میں کھلبلی مچ گئی۔ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج ،ایک ملزم گرفتار دوسرے ملزمان کی گرتاری کیلیے چھاپے ،ہیڈ مسٹریس معطل۔مار نہیں پیار کی دھجیاں اڑانے والی استانیوں کی گرفتاری کیلیے چھاپے۔محکمہ تعلیم نے بھی انکوائری کیلیے افسر مقرر کر دیے ،۔با اثر اساتزہ کو بچانے کیلیے مقامی سیاستدان بھی غریب باپ پر دباﺅ ڈالنے لگے۔جب تک ملزمان کی آنکھیں نہیں نکالی جاتی وہ چین سے نہیں بیٹھے گا ،مظلوم ماں باپ کی فریاد۔مظلوم خاندان اور سماجی رہنماﺅں کا خبریں اور ضیا شاہد کو خراج تحسین۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز خبریں میں اساتذہ کے بے رحمانہ تشدد سے آٹھ سالہ جماعت اول کے طالبعلم طلحہ کی آنکھ ضائع ہونے کی خبریں نمایاں طور پر شائع ہوتے ہی محکمہ تعلیم اور محکمہ پولیس میں کھلبلی مچ گئی ۔فوری طور پر ملزمان آسیہ بی بی،حمیرہ بی بی ،اور رسولاں بی بی کے خلاف تھانہ بھائی پھیرو صدر میں مقدمہ نمبر 543/2017 بجرم 334 ت پ درج کر لیا گیااور ایک ملزم گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایس او ادریس چدھڑ نے بتایا کہ جلد ہی دوسرے ملزم گرفتار کر لیے جائیں گے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے،با وثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اعلی پولیس حکام نے مقامی ایس ایچ او سب انسپکٹر محمد ادریس چدھڑ کو تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے اور مقامی پولیس ملزمان کی گرفتاری کیلیے حرکت میں آچکی ہے ۔دوسری طرف محکمہ تعلیم نے اس واقع کا نوٹس لیکر ایک گزیٹیٹد آفیسر کو اس واقعہ کی انکوائیری کرنے کا حکم دے دے دیا ہے ۔ضلع قصور کے محکمہ تعلیم کے افسر ذوالفقار میاں کے مطابق انہوں نے ہیڈ مسٹریس کو معطل کر دیا ہے اور دوسری استانیوں کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس واقع کو پندرہ روز گزر چکے ہیں مگر محکمہ تعلیم کے کسی افسر کے کان پر جوں تک نہ رینگی ۔دوسری طرف با اثر ملزمان کو گرفتاری سے بچانے کیلیے یہاں کے مقامی سیاستدانوں نے غریب محنت کش مظلوم باپ رانا واجد پر صلح کیلیے دباﺅ ڈالنا شروع کر دیا ہے ۔رانا واجد نے نمائندہ خبریں کو بتایا کہ پندرہ دن تک وہ انصاف کیلیے در بدر رہا مگر کسی نے اسے پوچھا تک نہیںمگر جب پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارنے شروع کیے تو کئی سیاستدان ملزمان کو بچانے کیلیے میدان میں آگئے اور اس پر دباﺅ ڈالنے لگے ۔رانا واجد نے روتے ہوئے کہاکہ جب تک ملزمان کی آنکھ نہیں نکالی جاتی وہ چین سے نہیں بیٹھے گا،اس نے خادم اعلی پنجاب ،وزیر تعلیم پنجاب اور آئی جی پنجاب سے اپیل کی وہ اسکے معصوم بیٹے کی دنیا اندھیرکرنے والے ملزمان کے خلاف سخت ترین کاروائی کریں ،اس نے مزید کہا کہ وہ اتنا غریب ہے کہ اپنے لخت جگر کا علاج بھی نہیں کروا سکتا اسے علاج کیلیے مالی امداد دی جائے۔ ادھر علاقے کے سماجی رہنماﺅں زین العابدین ،مشتاق احمد ،نور احمد اور درجنوں لوگوں نے انصاف دلانے پر جہاں ظلم وہاں خبریں کی انسپکشن ٹیم ،چیف ایڈیٹر خبریں ضیا شاہد ،ایڈیٹر امتنان شاہدکو خراج تحسین پیش کیا ہے کہ خبریں ہی وہ اخبار ہے جو مظلوم عوام کی آواز ہے اور اس اخبار نے ہر دور میں بھائی پھیرو کے مطلوم عوام کو انصاف دلانے کیلیےے نمایاںکردار ادا کیا ہے۔یاد رہے کہ آج سے پندرہ روز قبل گورنمنٹ پرائمری سکول جلیکی کی سنگدل ٹیچرزآسیہ بی بی،حمیرہ بی بی اور رسولاں بی بی نے غریب محنت کش رانا واجدکے بیٹے پر وحشیانہ تشددکیا تھا جس سے اسکی آنکھ ضائع ہو گئی تھی ۔مظلوم پندرہ دن تک انصاف کیلیے محکمہ تعلیم،محکمہ صحت اور محکمہ پولیس کے درمیاں فٹ بال بنا رہا بالآخر گزشتہ روز خبریں کی مداخلت پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہوا اور محکمہ تعلیم کے اعلی افسران نے بھی استانیوں کے خلاف کاروائی شروع کر دی۔

 

تحریک انصا ف اور جماعت اسلامی کی راہیں جدا

لندن (خصوصی رپورٹ) جماعت اسلامی نے آئندہ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ انتخابی اتحاد سے انکار کر دیا۔ مذہبی اور نظریاتی جماعتوں کے اتحاد کے ساتھ آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف سے انتخابی اتحاد نہیں کریں گے بلکہ مذہبی اور نظریاتی جماعتوں کے اتحاد کے ساتھ الیکشن میں حصہ لیں گے۔ ایم ایم اے کو دوبارہ فعال کرنے میں کسی خفیہ ہاتھ کا عمل نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاﺅن انسانیت سوز واقعہ تھا اور اس معاملے میں ہم طاہرالقادری کے ساتھ ہیں۔ پاکستان میں قیادت کا فقدان ہے۔ حقیقی جمہوری پسند حکومت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بروقت انتخابات اور احتساب کے حامی ہیں کیونکہ احتساب کے بغیر نظام کی تبدیلی ممکن نہیں ہے۔ افراد کی تبدیلی کا تماشا بہت ہو چکا‘ اب نظام کی تبدیلی ضروری ہے۔ 31دسمبر تک فاٹا کا انضمام نہ ہوا تو پھر اگلا لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے دوبارہ اسلام آباد کا رخ کریں گے کیونکہ دھرنے کے بغیر حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ہے۔
جماعت اسلامی انکار