احتساب کے نام پر انتقام ،تمام پردے اُٹھ گئے

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنماءاور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ کسی بھی سازش ، دھرنوں اور احتساب نامی انتقام کا ہدف صرف نواز شریف ہے،اب شک کی گنجائش نہیں ہے ۔ آج جانبدارانہ احتساب اور احتساب کے نام پر انتقام سے تمام پردے اٹھ گئے ہیں۔ٹوئیٹر پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آجے کے فیصلے نے اس تاثر پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے کہ نواز شریف کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج جانبدارنہ احتساب اور احتساب کے نام پر انتقام سے تمام پردے اٹھ گئے ہیں مریم نواز نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ اقامہ صرف بہانا تھا نواز شریف صرف بہانہ تھا مریم نواز نے کہا کہ اب شک کی کوئی گنجائش نہیں کہ کسی بھی سازش دھرنوں اور احتساب نامی انتقام کا حدف صرف نواز شریف ہے کیونکہ عوام کا اصل نمائندہ صرف نواز شریف ہے ۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس فیصل عرب کا نام لئے بغیر اضافی نوٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جج صاحب آپ کو صفائی دینے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی کیا آپ پانامہ بینچ کا حصہ تھے کیا نواز شریف کیخلاف کسی سماعت کا حصہ رہے۔

 

تاریخی فیصلہ سے قبل ،چیف جسٹس آف پاکستان کی معذرت ۔۔۔

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان اور جہانگیر نااہلی کیس کا اہم فیصلہ سنانے کے لئے چیف جسٹس کمرہ عدالت میں پہنچ گئے اور انہوں نے فیصلہ سنانا شروع کردیا، فیصلہ سنانے سے پہلے چیف جسٹس نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ایک صفحے پر غلطی ہوگئی تھی جس کو ٹھیک کرنے کی وجہ سے 250صفحات پڑھنے پڑھ گئے اس لئے تاخیر سے آنے پر معذرت خواہ ہیں۔

”کیوں نکالا کا جواب “جسٹس فیصل عرب کا اضافی نوٹ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس فیصل عرب نے اضافی نوٹ شامل کیا ہے، جس میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کیس کے حقائق نوازشریف کیس سے بہت مختلف ہیں ، اس لئے عمران خان کے کیس کا موازنہ نوازشریف کے کیس سے نہیں کیا جاسکتا،حقیقت یہ ہے نوازشریف30سال میں کئی بار عوامی عہدیداررہ چکے ہیں، وہ وزیرخزانہ، وزیراعلی اور وزیراعظم رہ چکے ہیں اور ان پر منی لانڈرنگ،کرپشن،ذرائع سےزائدآمدن کے سنگین الزامات ہیں۔سپریم کورٹ کے جج جسٹس فیصل عرب نے عمران خان کے متعلق فیصلے میں اضافی نوٹ بھی شامل کیا ہے، اس نوٹ میں انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سوال مجھے کیوں نکالا؟ کا جواب بھی دیا ہے۔ جسٹس فیصل عرب کا کہنا تھا کہ نوازشریف30سالوں تک عوامی عہدیدار رہے ہیں، نوازشریف کے یہ اثاثے عوامی عہدے پربراجمان ہو نے سے پہلے نہیں تھے۔ ان اثاثوں میں لندن کے4 فلیٹس،العزیزیہ اسٹیل فیکٹری،گلف اسٹیل مل شامل ہیں۔ ان اثاثوں میں 840 ملین روپے کے ملنے والے تحائف بھی شامل ہیں اور یہ تحائف نوازشریف کو ان کے بیٹوں کی طرف سے ملے تھے۔سابق وزیر اعظم کاخاندان اثاثوں کے ذرائع سے متعلق تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ نواز شریف کے کیس کا موازنہ عمران خان کے کیس کے ساتھ نہیں کیا جا سکتا۔ نوازشریف کیس میں طے ہواتھاایسے شخص کاایماندار،شفاف،اچھی ساکھ کاہوناضروری ہے۔

 

وہ عورتیں جنہیں طلاق ہو جاتی ہے وہ کیا کرتی ہیں ،شیخ رشید کا دلچسپ تبصرہ

لاہور( این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے عمران خان کو مستقبل کا وزیر اعظم قرار دیتے ہوئے سابقہ اہلیہ جمائما خان سے دوبارہ شادی کا مشورہ بھی دیدیا۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنے رد عمل میں شیخ رشید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے بہت بڑا فیصلہ دیا ہے اور لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ عمران خان مستقبل کے وزیر اعظم ہوں گے اور عوامی مسلم لیگ ان کے ساتھ ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ اس کیس میں جو کلیدی کردار جمائما نے ادا کیا ہے میں اسے سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ میری خواہش ہو گی کہ اگر کوئی مذہبی رکاوٹیں ، کوئی اورمسئلہ نہ ہو اوراگر عمران خان نے شادی کرنی ہے تو پھر جمائماسے شادی کرے ۔ میں ثالثی کونسل کا چیئرمین رہا ہوں وہ عورتیں جنہیں طلاق ہو جا تی ہے وہ آ کر مردوں کے سر پھوڑتی ہیں لیکن جمائما نے جس طرح کاغذات ڈھونڈے اس نے ثابت کیا کہ وہ نسلی اور خاندانی عورت ہے ۔ اس کیس میں سے عمران خان کو اللہ کے بعد جمائما نے بچایا ہے ۔ مجھے امید ہے کہ عمران خان مستقبل میں وزیراعظم کا امیدوار ہوگا اور عوامی مسلم لیگ ان کی مہم چلائے گی ۔

 

پنجاب محکمہ ذراعت ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کی اجازت

لاہور (نیااخبار رپورٹ) حکومت پنجاب نے زراعت میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ڈرونز کے استعمال میں دلچسی رکھنے والے اشتکار درخواست متعلقہ ضلعی ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں جمع کروائیں گے جس میں ان مقاصد کی واضح نشاندہی کرنا ہوگی جن کے لئے ڈرون کا استعمال پیش نظر ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ان درخواستیں کو حتمی منظوری کے لئے متعلقہ ضلعی کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی کے سامنے پیش کرے گا۔ متعلقہ ڈی آئی سی ایسے تمام کیسز پر ضروری کارروائی کے بعد جاری کردہ اجازت نامے میں ڈرون کے زرعی استعمال کے لئے مقام اوکار اور دورانیہ وغیرہ کی وضاحت بھی کرے گی۔ ڈرون کے استعمال کے دوران آپریٹر کے ساتھ پولیس اہلکار بھی تعینات کیا جائے گا۔

 

مجلس عمل کی بحالی میں کسی تیسری قوت کا ہاتھ نہیں:ساجد میر

لاہور (نیااخبار رپورٹ) امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سنیٹر ساجد میر نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کی بحالی کے پیچھے کسی تیسری قوت کا ہاتھ نہیں۔ ملک میں فرقہ وارانہ اور مذہبی انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ایم ایم اے کی بحالی ناگزیر تھی۔ کراچی سے واپسی پر مرکز اہلحدیث راوی روڈ میں کارکنوں اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جن جماعتوں نے ایم ایم اے بنائی تھی ان کا خیال تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ اسے دوبارہ بحال کیا جائے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی اور فرقہ واریت پاکستان کو کمزور کرنے کی بین الاقوامی سازش ہے۔

جہاز کریش ہو گیا ‘ پائلٹ بچ گیا : سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

لاہور (خصوصی رپورٹ) سپریم کورٹ کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اہل اور سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو تاحیات نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ جہاز کریش ہو گیا، پائلٹ بچ گیا۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ عمران خان کی جیب کٹ گئی۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ آج تو دونوں پارٹیوں کو بھی سمجھ نہیں آرہا کہ کہنا کیا ہے۔ انصاف کا بول بالا ہوا یا قانون کا جنازہ نکلا؟ کپتان ناٹ آﺅٹ مگر جہاز گراﺅنڈ۔ فیصلے ذاتی خواہشون کے پابند نہیں۔ صدمہ بڑا ہے صبر کریں۔ کرلو جو کرنا ہے، اب تو وزیراعظم ہی بننا ہے۔ کیا نااہل شخص کے جہاز میں سفر قانونی ہو گا، معصومانہ سوال۔ حدیبیہ والا فیصلہ صحیح ، جہانگیر ترین والا بھی صحیح، لیکن عمران والا غلط ہے۔ شیخ رشید جمائما خان سے شادی کر لیں، قوم کا بھلا ہو گا۔ عمران خان کا بچ جانا معجزے سے کم نہیں۔ شکریہ ن لیگ عمران خان سرخرو ہو گیا۔ جمائما نے عمران کو بچا لیا۔ شکریہ جمائما خان یہ قوم آپ کی احسان مند رہے گی۔ عمران خان کو خو ہی نااہل قرار دیدیں۔ فیصلہ سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر پر ”سرخرو ہوا کپتان ہمارا“ کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ رہا ۔

113بجلی چوروں سے 3لاکھ روپے وصولی مقدمات بھی درج

لاہور (نیااخبار رپورٹ) لیسکو چیف سید واجد علی کاظمی کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔ شادباغ سب ڈویژن میں 113بجلی چوروں کو پکڑ کر ان کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو کے منیجر آپریشن نارتھ احمدفواد کی ہدایت پر ایکسین بادامی باغ احمد فراز سلیم اور ایس ڈی او شادباغ ابراہیم ممتاز مفتی کی سربراہی میں لیسکو ٹیم نے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا اور اس دوران 113بجلی چور پکڑے گئے۔ ان بجلی چوروں سے 30لاکھ روپے کے ڈیٹیکشن بل وصول کئے جائیں گے۔ لیسکو حکام نے بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرا دیئے ہیں۔
بجلی چور

 

مسلم لیگ ن کا آیندہ ماہ سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

لندن (نیا اخبار رپورٹ) مسلم لیگ ن نے آئندہ ماہ سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس لند ن میں ہوا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وزیراعلیٰ شہبازشریف اور وزیرخارجہ خواجہ آصف بھی شریک ہوئے۔

پی ٹی آئی سے استعفی ہی نہیں سیاست چھوڑ دیں گے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سپریم کورٹ کی جانب سے نااہلی کے بعد جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کے عہدے سے متعلق حتمی فیصلہ کل پی ٹی اائی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں ہو گا۔ ذرائع کے مطابق جہانگیرترین سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے حوالے سے بھی قریبی رفقاءسے مشاورت کر رہے ہیں، جہانگیرترین کی جگہ اسد عمر تحریک انصاف کے نئے سیکرٹری جنرل کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔ علاوہ ازین جہانگیرترین نے فیصلے کے بعد ٹویٹر کے ذریعے کہا کہ سپریم کورٹ نے محض ٹرسٹ ڈیڈ کی تشریح کی بنیاد پر میری نا اہلیٹ کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ احتیارات کے غلط استعمال اور قرضوں کی معافی کا الزام غلط ثابت ہوا۔ انسائیڈر ٹریڈنگ کا الزام بھی عدالت نے اٹھا کر باہر پھینک دیا۔ زرعی آمدن کے حوالے سے غلط بیانی کا الزام بھی مکمل طور پر غلط ثابت ہوا۔ لندن کی جائیداد اور اس کے متعلق مکمل منی ٹریل قابل قبول قرار دیا گیا۔ تسلیم کیا گیا کہ کچھ نہیں چھپایا گیا اور 2011ءسے بچوں کے اثاثے بھی ظاہر کئے گئے۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت آج ہونے جہانگیر ترین پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر کام کرتے رہیں گے یا اسد عمر سیکرٹری جنرل منتخب ہوں گے اور یا پھر تحریک انصاف کی سیکرٹری جنرل شپ خیبر پختونخواہ کے پاس جائے گی۔ اس فیصلہ میں عرمران خان کے بعدا وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی رائے بہت اہمیت کی حامل ہو گی۔ رات گئے تک جہانگیرترین ملک بھر سے کارکنوں اور رہنماﺅں کی آنے والی ہزارون کالز اور پیغامات کے باوجود اپنے اس فیصلہ پر بضد تھے کہ وہ آج کور کمیٹی اجلاس میں اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دے دیں گے جبکہ پارٹی کے اندر ایک بڑے حلقہ کی رائے تھی کہ جہانگیر ترین کی جگہ اسد عمر کو سیکرٹری جنرل بنایا گیا تو پارٹی میں ”بغاوت“ ہو سکتی ہے۔ تحریک انصاف دو حصوں میں تقسیم ہو گئی ایک دھڑا ترین کی نااہلی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسد عمر کیلئے لا بنگ کرنا شروع ہو گیا جبکہ دوسرے گروپ نے یہ تحریک شروع کر دی کہ اسد عمر کو سیکرٹری جنرل کے طور پر قبول نہیں کریں۔ تحریک انصاف نے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔ فیصلہ آنے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری نے کہا کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ عمران خان کا ریکارڈ کلیئر ہے اور ااج کے فیصلے نے بھی بتا دیا کہ عمران خان کی ایک ایک چیز کلیئر ہے کرپشن کیخلاف جہاد کو اب کوئی نہیں روک سکتا، نئے پاکستان کی منزل بہت قریب ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کا 99 فیصد فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں اور ایک فیصد تحریک انصاف کیخلاف آیا ہے، عمران خان کا پاناما مافیا سے کوئی مقابلہ نہیں، جہانگیر ترین کے فیصلے کے خلاف عدالت میں نظر ثانی اپیل دائر کی جائیگی، جہانگیر ترین پر تین الزامات تھے اور انہیں ایک الزام پر نااہل کیا گیا۔