والد نے گریجوایشن کے بعد 35ملین درہم سرمایہ فراہم کیا : علی ڈار

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار نے کہا فہے کہ اسحاق ڈار پر ٹیک چوری کا الزام غلط ہے ، وہ 2002سے2008تک ٹیکس نان ریذیڈنٹ تھے کیونکہ وہ یواے ای میں تھے، مارچ 2008میں انہوں نے یو اے ای میں تمام عہدوں سے استعفیٰ دیدیاتھا، ہم دونوں بھائی کاروبار میں کلی طور پر خود مختار ہیں، نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علی ڈار نے کہا کہ عمران خان کو ڈویلپر اور مالک میں فرق معلوم نہیں ہے ، ہم ٹاورز کے مالک نہیں بلکہ ڈویلپر ہیں، ہم ڈویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ ٹریڈنگ بھی کرتے ہیں، ہم نے تھرڈ پارٹی کے طور پر 52ولاز کو بک کیا اور ساتھ ساتھ ہی بیچنا شروع کردیا، 2008کے آخر تک تمام ولاز بک چکے تھے ، ہم دونوں بھائی آف شور کمپنی کے شیئرہولڈر اور ڈائریکٹر ہیں، اسحاق ڈار کمپنی کے ڈائریکٹر نہیں ہیں ، میں نے گریجویشن کی تو والد نے مجھے 35،30ملین درہم ابتدائی سرمایہ فراہم کیا ، بعدازاں وہ گفٹ بھی جو دیتے رہے سب کچھ ڈکلیئر ہے ، ہم نے کاروبار سے ہی انہیں آہستہ آہستہ وہ قرض واپس کردیا ، ہمارا سارا کاروبار آڈٹ ہوتا ہے ، عمران خان کو دو سال قبل بھی قانونی نوٹس بھجوایاتھا جس کا جواب نہیں دیا گیا، اور تاریخ پر تاریخ دلواتے رہتے ہیں، اب تازہ الزامات پر بھی عمران خان کے خلاف عدالت میں جائیں گے، ہم نے رفاعی ادارے عوام کی خدمت کیلئے بنائے ان کے ذریعے ٹیکس چوری نہیں کی ۔

سعد ر فیق کی شرارتوں والی بات کا اشارہ فوج کی طرف نہیں تھا، رانا ثنا ء

لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنااللہ خاں نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کی شرارتوں والی بات کا اشارہ فوج نہیں بلکہ کسی اور کی طرف تھا اور لوگ ایسی شرارتیں کرتے ہیں،افراتفری کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،مختلف علامہ طاہر القادری کا کندھا الیکشن آسان کرنے کے لیے استعمال کررہے ہیں، اگر کنٹینر پر چڑھنا ہے تو عمران خان اور آصف زرداری بھی چڑھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو حکومت سے علیحدہ کرنے کے باوجود ان کی مقبولیت کم نہیں ہوئی۔ نواز شریف سرخرو ہو کر انتخابات میں نہ آ جائیں، اس کیلئے مختلف حربے اپنائے گئے۔ دھرنا اس لئے دیا گیا کہ نواز شریف ملک کی بہتری کیلئے کوئی کام نہ کر دیں۔ دھرنے کے بعد یہ لاک ڈاﺅن کی طرف آئے۔انہوں نے کہا کہ تلخیاں نہیں بڑھ رہیں ، ہم پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہیں، نوجوانوں نے ملک کیلئے قربانیاں دیں۔ تینوں بیانات اپنی اپنی جگہ درست ہیں، خواجہ سعد رفیق کی بات کو درست مانتا ہوں ملک کی ترقی کے لئے سب کومل کر چلنا ہوگا، خورشید شاہ نے بھی درست بات کی ہے خواجہ سعدرفیق کی بات پر زیادہ ہائپ نہیں بننی چاہیے تھی۔کیونکہ خواجہ سعد رفیق نے چھوٹی شرارتوں کا اشارہ پاک فوج کی طرف نہیں کیا بلکہ وہ اشارہ کسی اور کی طرف تھا اور لوگ ایسی شرارتیں کرتے بھی ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مختلف شکاری علامہ طاہر القادری کا کندھا الیکشن آسان کرنے کے لیے استعمال کررہے ہیں، ان شکاریوں کا ایجنڈا ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانا ہے۔ شکاری ماڈل ٹاﺅن واقعہ کو سیاست کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا مقصد خود الیکشن لڑنا اور طاہر القادری کو صرف کنٹینر پر چڑھانا ہے۔ اگر کنٹینر پر چڑھانا ہے تو عمران خان اور آصف زرداری بھی چڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کا گزشتہ تین سال سے سانحہ ماڈل ٹایﺅن پر ایک موقف تھا کہ رپورٹ پبلک کی جائے، ہم نے رپورٹ پبلک کر دی ہے۔حدیبیہ پیپر ملز کیس یا باقر نجفی رپورٹ پر امیدوں پر اوس پڑی ہے لہٰذا ہمارا مشورہ ہے کہ ادھر ادھر کی باتیں چھوڑیں عوام سے رجوع کریں۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ اور عام انتخابات دونوں اپنے اپنے وقت پر ہونگے۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ شہبازشریف سیاسی سرگرمیوں کیلئے نہیں مسلم امہ کے اتحاد کیلئے سعودی عرب گئے ہیں۔

 

جنرل جنجوعہ نے نواز شریف کو تحریک نہ چلانے کا مشورہ دیاہے: حامد میر

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) شہباز شریف کے سعودیہ جانے کا تعلق این آر او یا پاکستانی سیاست سے نہیں بلکہ پاکستان کے
سکیورٹی معاملات سے ہے۔ نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر نے نواز شریف کو سمجھانے کی کوشش کی، فوج نے جواب تو سعد رفیق کو دیا تاہم اس کے ذریعے پیغام بہت سے لوگوں کو دیا ہے۔ یہ انکشافات سینئر صحافی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کئے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل (ر)جنجوعہ نے نواز شریف کو سمجھایا ہے کہ اگر آپ تحریک چلائیں گے تو مقابلے میں بھی تحریک چلے گی اور بڑا حادثہ ہو سکتا ہے۔ موجودہ حالات میں فوج یا عدلیہ سمیت کوئی ادارہ بھی این آر او کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ نواز شریف اگر این آر او میں کامیاب ہو بھی جاتے ہیں تو ان کی پارٹی کا قلع قمع ہو جائے گا۔ نواز شریف سازش کی جن کہانیوں کا ذکر کرتے ہیں وہ جنرل (ر) راحیل شریف کے حوالے سے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کے حوالے سے ان کے پاس سازش کی کوئی کہانی نہیں ہے۔ نواز شریف نے سازش کی کہانیاں شروع کیں تو ایسا نہ ہو کہ تین چار ماہ میں ہونے والی کچھ بڑی سازشوں کی کہانیاں بھی سامنے آ جائیں اور خود ان کے پاس کوئی جواب نہ ہو۔ سینئر صحافی نے کہا کہ سازش کی سب سے بڑی کہانی جس کے پاس ہے وہ بڑے صبرکا مظاہرہ کر رہا ہے اسے مجبور نہ کیا جائے تو سب کےلئے بہتر ہوگا۔

 

تر کی بھی نواز شریف کی مد د کو آ گیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ‘ ایجنسیاں) معتبر ذرائع کے مطابق شریف خاندان کی مدد کیلئے ترکی بھی میدان میں آ گیا ہے۔ شہباز شریف کے ساتھ ہی ترک وزیراعظم بھی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے مدینہ منورہ میں میاں شہباز شریف سے ملاقات کی اور دونوں نے اکٹھے مسجد نبوی میں حاضری دی۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کی کوششوں سے بعض اہم شخصیات سے نوازشریف کی ملاقاتوں کا شیڈول طے پا گیا ہے جبکہ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سنیٹر ساجد میر بھی سعودی عرب میں سرگرم ہیں اور اس حوالے سے وہاں کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کے بعد نوازشریف نے بھی آج سعودی عرب جانے کا پروگرام بنا لیا ہے۔ انہوں نے سعودی ایئرلائنز کا ٹکٹ حاصل کیا ہے۔ یہ پرواز 737 آج دوپہر سعودی عرب روانہ ہو گی۔ معلوم ہوا ہے کہ نوازشریف ملاقاتوں کے علاوہ عمرہ بھی ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ ن لیگ کے کچھ دوسرے رہنما بھی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ ان میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر تجارت پرویز ملک اور وزیراعظم کے معاون آصف کرمانی بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کسی این آر او کے لئے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے وہ سعودی حکام سے مدد کے خواہشمند ہیں۔ آن لائن کے مطابق انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ سیاست سے دستبردار ہو جائیں گے تاہم مریم نواز کو سیاست میں رہنے کی اجازت دی جائے۔ نواز شریف نے جمعہ کو مصروف دن گزارا۔ انہوں نے پارٹی کے چیئرمین راجہ ظفرالحق، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور کچھ دوسرے پارٹی رہنماﺅں سے ٹیلی فون پر بھی گفتگو کی۔ این این آئی کے مطابق محفل میلاد اور نماز جمعہ کے بعد کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ آئین توڑنے والوں کو سزا ملنی چاہئے پرویز مشرف کو بہت جلد کٹہرے میں لائیں گے، پرویز مشرف بزدل بن کر بیرون ملک بیٹھا ہے۔ مشرف کے کیسز کے معاملے پر عدلیہ کو بھی جگانا ہو گا، ملک اور قوم کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم نے ملک کو لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں، دہشت گردی اور غربت سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائی ہے اور ملک کو معاشی طور پر بھی مضبوط کر دیا ہے، عوام (ن) لیگ کے ساتھ ہیں آئندہ عام انتخابات میں بھی ہم ہی کامیاب ہوں گے۔ میاں نوازشریف نے کہا کہ کارکن (ن) لیگ کا سرمایہ ہیں ہم ہر فورم پر کارکنوں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں ہم آئین و قانون کی حقیقی معنوں میں حکمرانی کی بات اپنے ذاتی نہیں بلکہ قومی مفادات کے لئے کر رہے ہیں کیونکہ جب اس ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی قائم ہو گی تو جمہوریت اور پارلیمنٹ سمیت تمام ادارے مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی اور آئین قانون اور انصاف کی حکمرانی کے لئے ضروری ہے کہ ملک میں آئین توڑنے والوں کو سزا دی جائے۔

 

بالی ووڈ اداکارہ ریچا چڈا نے مداح کو تھپڑ مارنے پر معافی مانگ لی

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ ریچاچڈا نے مداح کو تھپڑ مارنے پر معافی مانگ لی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ ریچاچڈا نے ٹوئٹر پر نوجوان لڑکی کو مخاطت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تھپڑ مارنے پر معافی چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی نے فلائیٹ پکڑنی ہو اور کوئی اس وقت راستہ روکے اور سیلفی کا مطالبہ کرے تو یہ ٹھیک نہیں ہے۔ اداکارہ ریچا چڈا نے ممبئی سے دہلی کی فلائیٹ پکڑلی تھی ۔ واضح رہے کہ اداکارہ نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ”فقرے ریڑن“ میں کردار ادا کیا ۔ اس فلم نے رواں سال کے اختتام پر خوف کامیابی اور منافع کمایا۔

 

وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے عمران خان کو وزیر اعظم قرار دیدیا۔۔۔ لیکن ۔۔۔؟

لاہور (این این آئی) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو فیس بک کا وزیر اعظم قرار دے دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئیٹر پر ایک پوسٹ اپلوڈ کی جس میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شیروانی زیب تن کر کے فیس بک میں اپلوڈ کر دیں خان صاحب!.اس بات پہ کوئی شک و شبہ نہیں کہ مستقبل میں بھی فیس بک کہ وزیر اعظم ہیں۔

 

یکم جنوری سے لاہور کی مشہور شاہرارہ کو ٹریفک کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

لاہور (نیااخبار رپورٹ) اورنج لائن منصوبے کے سب سے مشکل سٹیشن کی تعمیر کا معاملہ‘ سنٹرل سٹیشن کی تعمیر کیلئے آئندہ تین ماہ کیلئے جی پی او چوک پر مال روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا۔ اورنج لائن منصوبے میں سنٹرل سٹیشن کی تعمیر کیلئے آئندہ 3ماہ کیلئے جی پی او چوک مال روڈ کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ایل ڈی اے نے ٹریفک کیلئے متبادل روٹ پلان تشکیل دے دیا۔ یکم جنوری 2018ءسے جی پی او چوک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا جائے گا۔

چیئرنگ کراس اور اسمبلی ہال سے آنے والی ٹریفک ہائیکورٹ چوک سے فین روڈ پر جائے گی۔ فین روڈ پر آنے والی ٹریفک مزنگ چوک سے براستہ جی پی او سے جین مندر‘ لوئر مال جائے گی۔ داتا دربار‘ بھاٹی چوک اور ٹاﺅن ہال سے آنے والی ٹریفک کو نیپئر روڈ پر موڑا جائے گا۔ نیپئر روڈ سے ٹریفک ہائیکورٹ مال روڈ کے سامنے دوبارہ آ سکے گی۔ سب سے مشکل سٹیشن کی تعمیر کیلئے مال روڈ جی پی او ٹریفک کیلئے بند رہے گا۔

 

تحفظ ختم نبوت کانفرنس 31دسمبر کو تونسہ شریف میں منعقد کرنے کا اعلان

لاہور (نیااخبار رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی پیر حمید الدین سیالوی کو منانے کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی۔ پیر حمیدالدین سیالوی رانا ثناءاللہ کے استعفی کے مطالبے پر قائم ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرالیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر پیر حمید الدین سے مذاکرات کے لیے دو رکنی کمیٹی بناءیگئی تھی جس میں پیر امین الحسنات اور غلام محمد سیالوی شامل تھے۔

انہوں نے پیر آف سیال شریف سے ملاقات کی اور انہیں اپنی طرف سے قائل کرنے کی کوشش کی جو یکسر ناکام رہی۔ پیرآف سیال شریف نے کمیٹی کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ان سے ملاقات کے وعدے پورا نہ کرنے پر بھی شکوہ کیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سعودی عرب روانگی کے موقع پر وزیر اعلی نے وزیر مملکت پیر امین الحسنات شاہ اور غلام محمد سیالوی سے ائیر پورٹ پر ملاقات کر کے انہیں خصوصی ٹاسک سونپا تھا کہ خواجہ حمیدالدین سیالوی سے رابطہ کر کے رانا ثنا اللہ کے استعفی کے علاوہ انکی ہر شرط پوری کرنے کو تیار ہیں، وزیر اعلی کی تشکیل کردہ کمیٹی نے جب پیر آف سیال شریف کی مذاکراتی کمیٹی سے بات چیت کی تو انہیں باور کرایا گیا کہ رانا ثنا اللہ کے استعفی کے علاوہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے کیونکہ خود وزیر اعلی پنجاب نے خواجہ حمیدالدین سیالوی کو ٹیلی فون کر کے چند یوم کی مہلت مانگی تھی کہ وہ رانا ثنا اللہ کا استعفی لیکر سیال شریف آئیں گے لیکن وزیر اعلی نے خواجہ حمیدالدین سیالوی سے وعدہ خلافی کی۔

اس نئی صورتحال کے بعد خواجہ عطا اللہ تونسوی نے تحفظ ختم نبوت کانفرنس 31دسمبر کو تونسہ شریف میں منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ 4 جنوری کو داتا دربار لاہور سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالنے کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں ختم نبوتؓ کانفرنس میں مستعفی ہونیوالے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے استعفے متعلقہ سپیکرز کو موصول ہوچکے ہیں جنہیں تاحال منظور نہیں کیا گیا۔ سرگودھا سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی نظام الدین سیالوی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے استعفے منظور کرانے کیلئے سپیکر کو باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا ہے مگر ضمنی انتخابات میں شکست کے خوف سے سپیکرز ہمارے استعفے منظور نہیں کررہے اس کے باوجود اب ہمارا اسمبلی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ مزید برآں نواز شریف جوکہ حلقہ این اے 68 سرگودھا سے قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے تھے ان کے ساتھ رکن پنجاب اسمبلی نظام الدین سیالوی ایم پی اے منتخب ہوئے مگر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد اس حلقہ سے صوبائی اسمبلی کے ممبر نظام الدین سیالوی نے بھی اپنی نشست سے استعفی دیدیا اس حلقہ سے تعلق رکھنے والے موجودہ رکن قومی اسمبلی شفقت بلوچ ہیں آئندہ عام انتخابات میں یہ حلقہ ختم نبوتؓ کے معاملہ پر حساس ترین حلقہ ثابت ہوسکتا ہے اور اس حلقہ میں آئندہ ن لیگ کیلئے کامیابی حاصل کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا جتنا نواز شریف کیلئے جیتنا تھا۔

اس حلقہ میں حمید الدین سیالوی کا پیر خانہ سیال شریف بھی واقع ہے ختم نبوت کے حوالہ سے اس حلقہ کو ملک بھر میں خاص اہمیت حاصل ہوچکی ہے اس لئے اس حلقہ میں ن لیگ کو آئندہ انتخابات میں ٹف ٹائم ملے گا اور ہوسکتا ہے کہ اس نشست پر ن لیگ شکست سے دو چار ہو ۔ تاہم دوسری طرف مسلم لیگی ذرائع کے کہنا ہے کہ اس حلقہ سے مریم نواز شریف انتخاب لڑ سکتی ہیں تاہم اس کا فیصلہ آنیوالے دنوں میں ہوگا۔علاوہ ازیں تحریک لبیک یا رسول اللہ کی مجلس عاملہ نے وارننگ دی ہے کہ اگر اگلے چند دنوں میں حکومت نے ہمارے ساتھ ہونے والے معاہدے پر پور ی طرح عملدرآمد نہ کیا تو تحریک لبیک اور پورے ملک میں عاشقان رسول سڑکوں پر نکلنے میں حق بجانب ہونگے۔ تحریک لبیک کی مجلس عاملہ کا اجلاس زیرصدارت مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی ہواجس میں سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری سمیت دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔

شہباز شریف کی سعودی عرب میں اہم شخصیات سے ملاقا تیں ،روضہ رسول پر حاضری

لاہور ‘ مدینہ منورہ (نیااخبار رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف آج مدینہ منورہ سے ریاض روانہ ہوں گے جہاں وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد سلیمان سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعلیٰ کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ شہبازشریف اتوار کو وطن واپس پہنچیں گے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ نے روضہ رسول پر حاضری دی اور مسجد نبوی میں نماز اور نوافل ادا کئے۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق شہبازشریف نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی۔

دریں اثنا مدینہ منورہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا غیر قانونی کنڈے لگانے والوں کیخلاف کارروائی جاری رکھی جائے اوراس امر کا ارتکاب کرنیوالوں کو قانون کے کٹہرے میں لایاجائے ،متعلقہ صوبائی وزرا اورسیکرٹری فیلڈ میں موجود رہیں،کاشتکاروں کے مفادات کو نقصان پہنچانے والے ملز مالکان سے کوئی لحاظ نہیں کیا جائیگا ،کسی کو گنے کے کاشتکاروں کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ،گنے کے وزن میں کٹوتی کرنیوالی شوگر ملز کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اوراگرمیری ملز بھی گنے کے وزن میں کٹوتی کرے تو اس کیخلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے ،کسی کو گنے کے کاشتکار کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دونگا۔ اجلاس میں گنے کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے قائم خصوصی کمیٹی کی سفارشات و تجاویز پر غور اور ریلیف کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔ویڈیو لنک کے ذریعے مدینہ منورہ سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے سے متعلق خصوصی اجلاس کے دوران وزیراعلی نے ترقیاتی منصوبوں پر فیلڈ میں جا کرپیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا متعلقہ محکمے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری کردہ فنڈ زکا مقررہ مدت میں درست استعمال یقینی بنائیں ،635 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد سے صوبے میں ترقی کی رفتار میں مزید تیزی آرہی ہے ،پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے ، تمام سکیموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے ،منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تسلسل کیساتھ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے ۔وزیراعلی پنجاب نے مسجد نبویؓ میں نماز جمعہ ادا کی ، روضہ رسولؓ پر حاضری دی اور نبی کریم ؓ کی شان میں درودسلام کا ہدیہ پیش کیا۔ شہباز شریف

سعودی شاہی خاندان کے پاس شریف خاندان کی کرپشن کیخلاف ثبوت

لاہور (خصوصی رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو سعودی شاہی خاندان کی طرف سے بتا دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنے خلاف کیسز پرواویلانہ کریں بلکہ ان مقدمات کا سامنا کریں۔ اعلیٰ ترین سرکاری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب میں بدلی ہوئی قیادت جس نے اپنی بادشاہت میں طاقتور ترین شہزادوں کے خلاف بے رحم کرپشن کی مہم شروع کی وہ کوئی ان آر او نہیں کراوانے جا رہے بلکہ پاکستان میں این آر او کی خبروں پر حیران ہیں۔

ن لیگ کے نمبر وولیڈر کو بتا دیا گیا ہے کہ شریف خاندان ملک میں اپنے خلاف چلنے والے کرپشن مقدمات کا سامنا کرے اور احتجاج کی بات ختم کرے، شہباز شریف سعودی حکومت کے بلاوے پر گئے ہیں اور وہ بھی درخواست کرکے کیونکہ شریف فیملی سے ایک این آر او کے بارے میں سوچ رہی تھی، ن لیگ کے سربراہ نواز شریف کو بھی سعودی عرب میں یہی پیغام دیا جائے گا۔

انکو بتایا جائے گا کہ گرفتار سعودی شہزادوں نے شریف خاندان کے ساتھ انکی مشترکہ کرپشن کے خاطر خواہ ثبوت دیے ہیں لہذا وہ اپنے مشکل وقف میں کام آنے والے دوست کو مزید امتحان میں نہ ڈالیں اور ملک میں مزید انارکی کا باعث نہ بنیں او رکرپشن کے مقدمات کا سامنا کریں، وگرنہ انکو سعودی عرب کی سرزمین کو بطور مہمان خصوصی کرپشن کے لئے استعمال کرنے اور گرفتار سعودی شہزادوں سے انکی کرپشن کی معلومات پر انکو انٹر پول کے ذریعے نوٹس کر کے سعودی عرب میں کرپشن کیسز میں شامل تفتیش کیا جائے گا، وہ انکو کہیں گے کہ گرفتار سعودی شہزادے اور شریف خاندان پارٹنرزان کرائم ہیں، اعلی سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی اس مشکل سے نکلنے کے لئے مغربی قوتوں سے مدد لینے کی کوشش کر ے گی۔ لیکن موجودہ صورتحال میں سعودی حکومت شاید انکو کوئی ریاعت دینے پر تیار نہ ہو گی۔