لاہور (نیااخبار رپورٹ) 2018ءمیں اپوزیشن نے حکومت کو پھر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا۔ سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر اپوزیشن کی متفقہ حکمت عملی بنانے کے لئے رابطے شروع ہوگئے۔ 7 جنوری کو حکومت کے خلاف بڑے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا۔ احتجاج کے مختلف آپشنز زیرغور ہیں۔ عوامی تحریک کے تحریک انصاف‘ پیپلزپارٹی اور عوامی مسلم لیگ سے صلاح مشورے شروع ہوگئے۔ شیخ رشید کی جانب سے 7 جنوری کو لاہور کو لاک ڈاﺅن کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تجویز کے مطابق احتجاج کا مرحلہ وار کرنے کی بجائے دھرنے کا اعلان کردیا جائے۔ تجویز پر ڈاکٹر طاہر القادری نے کور کمیٹی ارکان سے مشورے بھی کئے۔ ذرائع کے مطابق طاہر القادری نے کارکنوں کو فائنل راﺅنڈ ککی تیاری کا حکم دیتے ہوئے کارکنوں کو 15‘ 15 دن کا راشن تیار رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔
