لاہور (خصوصی رپورٹ) عام انتخابات میں جانے سے قبل صوبہ روزگار کی فراہمی کے حوالے سے صوبائی حکومت کا اہم اقدام حکومت پنجاب نے صوبہ میں گریڈ 11 سے اوپر کی تمام خالی اسامیوں پر آن لائن درخواستیں کے ذریعے بھرتی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نئی پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے تمام سیکرٹریوں کی جاب پورٹل ایک ہفتے میں مکمل فعال کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب عمر رسول کی سربراہی میں انتظامی سیکرٹریز کانفرنس ہوئی۔ جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں گریڈ 11 سے اوپر کی تمام خالی آسامیوں پر صرف آن لائن درخواستوں کے ذریعے بھرتی ہو گی جبکہ صوبائی محکموں کی تمام خالی اسامیوں کی تفصیلات پنجاب جاب پورٹل پر آن لائن دستیاب ہوں گی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اس ضمن تمام سیکرٹریوں کی جاب پورٹل ایک ہفتے میں مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ امیدوار ایک مرتبہ ہی پنجاب جاب پورٹل پر اپنا پروفائل اور اسنادا پ لوڈ کریں اور سسٹم نہ صرف خود امیدواروں کے شناختی کارڈ سمت تمام ڈیٹا کی متعلقہ اداروں سے تصدیق کرے گا بلکہ سسٹم مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے امیدواروں کی خود ہی شارٹ لسٹنگ بھی کرے گا۔ امیدوار کا پروفائل سسٹم میں محفوظ رہے گا اور دیگر اسامیوں پر اپلائی کرنے کیلئے استعمال ہو سکے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دیگر محکموں میں مطلوبہ معیار کی نئی اسامیوں کی بھی سسٹم خود امیدوار کو ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع کرے گا اور امیدوار مطلوبہ معیار کی نئی اسامیوں پر صرف ایک کلک کر کے اپلائی کر سکے گا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری عمر رسول نے بتایا کہ پنجاب جاب پورٹل تمام متعلقہ اداروں سے منسلک ایک مربوط نظام ہے۔ اور امیدوار قابلیت اور تجربے میں اضافے کی صورت میں اپنے پروفائل میں ترمیم کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ 11 سے اوپر کی اسامیوں کیلئے درخواستیں دینے کیلئے ڈاک اور کوریئر کا طریقہ کار ختم کیا جا رہا ہے اور پنجاب جاب پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست کے نئے طریقے سے ڈاک اور کورئیر کے اخراجات کی بھی بچت ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 24 ہزار سے زائد افراد پنجاب جاب پورٹل پر اپنا پروفائل تیار کر چکے ہیں جبکہ 14 محکموں کی 372 اسامیوں پر 29112 آن لائن درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ نئے سسٹم سے روزگار کے متلاشی قابل افراد کی تعداد کا تعین بھی ہو سکے گا۔ انہوں نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ پنجاب کی خود مختاری اتھارٹیز اور کمپنیوں کو بھی سسٹم کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ امیدوار انٹرنیٹ پر www.jobs.punjab.gov.pk پر خالی اسامیوں کیلئے آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔