اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف نیب ریفرنس کی سماعت آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور مزید گواہوں نے اپنے بیانات قلمبند کرادیے ہیں۔ آمدن سے زائد غیر قانونی اثاثے بنانے کے ریفرنس میں اسحاق ڈار کیخلاف گواہی دینے کا عمل آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ نیب کی طرف سے جمع کرائی گئی 28 گواہوں کی فہرست میں سے 18 کا بیان قلمبند ہوچکا ہے جب کہ عدالت نے 8 گواہوں کو بیان قلمبند کرانے کیلئے آج طلب کررکھا ہے جن میں سے اب تک 3 گواہوں کے بیان قلمبند کرلیے گئے ہیں۔ اس طرح آج 26 گواہوں کے بیان ریکارڈ ہوجائیں گے اور صرف دو گواہ رہ جائیں گے جن میں نیب کے تفتیشی افسر اور پاناما کیس کی جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا شامل ہیں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق نیب مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت میں استغاثہ کے 3 گواہ پیش ہوئے جن کے بیان قلمبند کر لئے گئے۔ گواہوں میں اقبال حسن، عمر دراز گوندل اور نیب کے افسر شکیل انجم ناگرا شامل ہیں۔
