دبئی(ویب ڈیسک)شوہر کے ظلم و ستم سے دلبرداشتہ ہوکر متحدہ عرب امارات کی ایک خاتون نے اپنے خاوند کے فون سے اپنے آپ کو خود ہی طلاق کا پیغام بھیج دیا۔تاہم خاتون کی اس حرکت کا بھانڈا عدالت میں پھوٹ گیا۔دبئی کے روزنامہ البیان کے مطابق خاتون کے شوہر گہری نیند سو رہے تھے کہ انہوں نے ان کی انگلیوں (فنگر ٹچ) کی مدد سے موبائل فون کو اَن لاک کیا اور اس کے ذریعے اپنے آپ کو 3 مرتبہ طلاق دینے کا پیغام بھیج دیا۔رپورٹ کے مطابق خاتون نے عدالت میں طلاق کے حق میں موبائل فون کا پیغام ثبوت کے طور پر پیش کیا، لیکن عدالت معاملے کی تہہ تک پہنچ گئی۔دبئی کے پرسنل اسٹیٹس کورٹ کے حکام نے خاتون سے پوچھا کہ کیا وہ یقین سے سب کہہ سکتی ہیں جس پر خاتون نے اپنے فعل کا اعتراف کر لیا۔رپورٹ کے مطابق خاتون کی شادی کو 3 سال ہوچکے تھے، لیکن ان کے اپنے شوہر سے تعلقات اچھے نہیں تھے۔دوسری جانب ان کے خاوند نے انہیں پریشان کرنے کے لیے طلاق دینے سے انکار کردیا تھا۔