نیویارک (ویب ڈیسک )سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک نے 2017 میں اضافی ٹیکسوں اور نئے ملازمین کی بھرتی کے باوجود 16 ارب ڈالر کا منافع کمایا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے گزشتہ برس اضافی ٹیکسوں اور بہت سے نئے ملازمین کی بھرتی کے باوجود تقریباً 16 ارب ڈالر کا منافع کمایا جو 2016 کے مقابلے میں 56 فیصد زیادہ ہے۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق 2017 کی صرف آخری سہ ماہی میں فیس بک کا خالص منافع 20 فیصد اضافے کے ساتھ 4.3 ارب ڈالر یعنی 3.4 ارب یورو کے برابر رہا، جب کہ مجموعی طور پر کل آمدنی میں تمام تر اخراجات نکالنے کے بعد گزشتہ برس 16 ارب ڈالر کمائے گئے جو خالص منافع اور 2016 کے مقابلے میں 56 فیصد زیادہ بنتا ہے۔فیس بک کمپنی کے مالک مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ 2017 میں کمپنی کے سالانہ اخراجات کی مالیت 2016 کے مقابلے میں 5 ارب ڈالر سے بھی زائد رہے اور مجموعی طور پر یہ رقم 20.5 ارب ڈالر رہی، جب کہ 2017 کے اواخر میں ادارے کو ٹیکسوں کی غیر معمولی ادائیگی کی مد میں امریکی حکومت کو 2.27 ارب ڈالر الگ سے بھی ادا کرنے پڑے۔ اس طرح گزشتہ برس فیس بک کی مجموعی سالانہ آمدنی تقریبا 39 ارب ڈالر رہی۔