بیجنگ(ویب ڈیسک)چین میں ہزاروں قانون سازوں کی جانب سے چینی صدر شی جن پنگ کو تاحیات صدر بنانے کے عمل کو پرجوش انداز میں سراہا گیا ہے۔چین کی ربر اسٹیمپ سمجھی جانے والی پارلیمان نے اس فیصلے کے نفاذ کے لیے سالانہ سیشن میں لوگوں سے بڑی تعداد میں ملاقات کی، جو ماؤ زی ڈونگ کے بعد شی جن پنگ کو سب سے طاقت ور رہنما بنانے میں کردار ادا کرے گی اور فوج، معیشت اور ریاست کو ایک فرد کے ہاتھ میں سمیٹنے پر توجہ مرکوز کرے گی۔اس حوالے سے دو مرتبہ صدارتی مدت کے خاتمے کے لیے چیمبر میں ایک ترمیم پیش کی گئی، جسے پرجوش انداز میں سراہا گیا۔قانون سازوں کی جانب سے اس ترمیم کی منظوری دی گئی اور چینی کمیونسٹ پارٹی (سی سی پی) کی قیادت نے نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کے لیے ایک ایجنڈا تشکیل دیا۔اس ایجنڈے کے متن میں کہا گیا کہ شی جن پنگ کے ساتھ سی سی پی کی سینٹرل کمیٹی اتھارٹی کی حفاظت اور متحد قیادت کے لیے موزوں ہوجائے گی اور اس سے قومی قیادت کے نظام کو تقویت ملے گی۔