ماسکو(ویب ڈیسک)روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے کہا ہے کہ امریکا کے صدارتی انتخاب میں روس نہیں شاید یہودیوں نے دخل اندازی کی ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران روسی صدر نے امریکی عام انتخابات میں روس کے ملوث ہونے کی ایک مرتبہ پھر تردید کی اور کہا کہ امریکی انتخابات میں ممکن ہے مداخلت کرنے والوں کے پاس گرین کارڈ ہو یا امریکا نے اس کام کے لیے انہیں رقم دی ہو۔ امریکی انتخابات میں فرد جرم کا سامنا کرنے والے 13 روسی شہریوں کے حوالے سے صدر پیوٹن نے کہا کہ انہیں اس کی کوئی پرواہ نہیں کیوں کہ وہ روسی حکومت کا حصہ نہیں تھے۔ولادی میر پیوٹن نے مزید کہا کہ جب تک کسی نے روسی قوانین کی خلاف ورزی نہ کی ہو روس کی حکومت اسے سزا نہیں دے سکتی۔انٹرویو کے دوران سوال کیا کہ جن ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ان میں روسی ریسٹورینٹ کے مالک بھی ہیں جو صدر ‘پیوٹن کے شیف’ کے نام سے مشہور ہیں جس پر صدر پیوٹن نے کہا کہ روس میں کئی مشہور لوگ ہیں لیکن وہ ریاستی نمائندے نہیں اور گرفتار روسی بزنس مین حکومت کا حصہ نہیں ہیں۔یاد رہے کہ 2016 میں امریکا کے عام انتخابات میں حیران کن طور پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ ڈیموکریٹک جماعت کی امیدوار ہیلری کلنٹن کو شکست دے کر ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے تاہم ان کی جیت پر تمام حلقے حیران تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد امریکی انتخابات کو ہیک کیے جانے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔