کابل(ویب ڈیسک) افغانستان کے صوبے ہلمند میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق صوبے ہلمند میں سرحدی پولیس اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ ان کے قریب ایک کار میں دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کار میں ریموٹ کنٹرول بم نصب تھا۔گورنر ہلمند کے ترجمان عمر زواک نے کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے جب کہ تحقیقاتی ادارے دھماکے کی وجوہات کا تعین کر رہے ہیں، دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، دہشت گردوں کو بھاگنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکے میں دو پولیس اہلکار ہلاک جب کہ چار زخمی ہوئے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ چاروں زخمی پولیس اہلکاروں کی بھی ہلاکت ہو چکی ہے تاہم افغان میڈیا نے تاحال دو اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، ابھی تک کسی انتہا پسند گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔