لندن (ویب ڈیسک )نظریاتی طبیعات کے مشہور ترین سائنسدان سٹیفن ہاکنگ کی موت کے بعد دنیا بھر کے لوگ افسردہ ہیں اور ان کی یادوں کو مختلف طریقوں سے تازہ کر رہے ہیں ،ایسے ہی تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نے بھی سٹیفن ہاکنگ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔تفصیل کے مطابق سوشل میڈ یا ایپ انسٹا گرام پر جمائما خان نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ سٹیفن ہاکنگ کے ساتھ موجود ہیں۔اس موقع پر پیغام دیتے ہوئے جمائما خان نے کہا کہ ہر کوئی اس آدمی کی شخصیت سے متاثر تھا جسے 22سال کی عمر میں (مہلک بیماری کی وجہ سے) زیادہ سے زیادہ مزید دو سال زندہ رہنے کی خبر دی گئی تھی لیکن پھر وہ مزید 55سال تک زندہ رہے اور دنیا میں سب سے مشہور سائنسدان بنے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ زندگی میں برا وقت نظر آرہا ہو لیکن پھر بھی ہمیشہ کچھ نہ کچھ ایسا ہوتا ہے جسے آپ کامیابی کے ساتھ کر سکتے ہیں ،جب تک کوئی زندہ ہے تو امید بھی زندہ ہوتی ہے۔واضح رہے کہ سٹیفن ہاکنگ گزشتہ روز 76برس کی عمر میں انتقال کر گئے ،وہ 22 سال کی عمر میں ایک انتہائی کم یاب اور مہلک بیماری ‘موٹر نیورون’ کا شکار ہونے کے بعد عمر بھر کے لیے معذور اور وہیل چیئر تک محدود ہوگئے تھے۔تاہم اس کے باوجود وہ نہ صرف 50 سال سے زائد عرصہ اس بیماری کے ساتھ زندہ رہے بلکہ مسلسل تحقیقی کام بھی کرتے رہے۔