جودھ پور(این این آئی) سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن بھارتی دورے کے دوران باتھ ٹب میں گر کر زخمی ہوگئیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن ان دنوں اپنی کتاب کی تشہیر کے سلسلے میں بھارت کے دورے پر ہیں لیکن انہیں بھارت کا یہ دورہ بہت مہنگا پڑا ہے۔ ہلیری کلنٹن بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور کے فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام پذیر ہیں جہاں وہ باتھ ٹب میں گرنے کے باعث خود کو زخمی کروا بیٹھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلیری کلنٹن کو صبح تقریباً 5 بجے جودھ پور کے سٹی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا ایکسرے اور سی ٹی اسکین کیا گیا جس میں اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ باتھ ٹب میں گرنے کے باعث ہلیری کلنٹن کے سیدھے ہاتھ کی کلائی شدید متاثر ہوئی ہے اور اس میں فریکچر ہوگیا ہے۔ہلیری کلنٹن کے ہاتھ پر پلاسٹر چڑھادیا گیا ہے اور انہیں اگلے تین روز تک مستقل چیک اپ کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم ہلیری کی صحت ان کے دورہ بھارت پر اثر انداز نہیں ہوگی اور وہ اپنا دورہ جاری رکھیں گی۔