کراچی(ویب ڈیسک)وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے دوران سٹیڈیم میں موبائل فون بند رکھنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام انتظامات کو 22 مارچ تک حتمی شکل دے دیں۔پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مقامی حکومت اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ تماشائیوں کے لیے کھانے کے اسٹالز کی موجودگی یقینی بنائیں اور اس معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے مشاورت ضرور کریں۔انہوں نے شٹل سروس کے لیے بسوں کی خریداری کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی مخصوص پارکنگ کے حصوں میں پارکنگ لین کے کام کو حتمی شکل دی جائے۔اجلاس کے دوران وزیر اعلی کی جانب سے اسٹیڈیم کے اندر موبائل فون بند کرنے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ عوام کو لطف اندوز ہونے دیں اور ان پر پابندی نہیں لگائیں۔اس موقع پر اجلاس میں موجود ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی) رینجرز اور انسپکٹر جنرل ( آئی جی) پولیس نے وزیر اعلی کو بتایا کہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی اور تمام ریہرسل مکمل ہوچکی ہیں۔اجلاس کے دوران میئر کراچی وسیم اختر نے بتایا کہ اسٹیڈیم کے اطراف سے ملبہ اٹھانے سمیت تمام روٹس پر صفائی کا کام تقریبا حتمی مراحل میں ہے۔