لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز سمیت دیگر لیگی رہنماوں کی عدلیہ مخالف تقاریر کی نشریات روکنے کیلئے دائر درخواستوں پر فل بینچ تشکیل دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ آئندہ ہفتے درخواستوں پرسماعت کرے گا۔ بنچ میں جسٹس عاطر محمود اور جسٹس شاہد بلال حسن بھی شامل ہیں۔شہری آمنہ ملک نے لیگی رہنماوں کی تقاریر کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نوازشریف، مریم نواز اور دیگر لیگی رہنما عدلیہ کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جو توہین عدالت اور بغاوت کے ز مرے میں آتا ہے۔درخواستوں میں نوازشریف،مریم نواز سمیت دیگر کی عدلیہ مخلاف تقاریر پر پابندی عائد کرنے اور توہین عدالت کے مرتکب ہونے والوں کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔گذشتہ سماعت پر فاضل جج نے اہم نوعیت کی درخواستوں پر فل بنچ بنانے کی سفارش کی تھی جس کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے فل بنچ تشکیل دے دیا ہے۔