لاہور (شوبز ڈیسک) اداکارہ فضا علی نے کہاکہ میڈیا کو فنکاروں کے ذاتی معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے اور پیشہ وارانہ صحافت کے قوانین پر سختی سے کاربند رہنا چاہیے۔ ایک انٹر ویو میںانہوںنے کہاکہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے بعض رپورٹر شوبز کی خبر میں سنسنی پیدا کر کے طوفان برپا کردیتے ہیں۔فنکاروں کی اپنی بھی کوئی زندگی ہوتی ہے اورمنفی خبروں سے ان کے بچوں کے ذہنوں پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ میڈیا کو حقائق کی مکمل چھان بین کے بعد ہی کسی خبر کو نشر یا شائع کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا معاشرے کا آئینہ ہے اورا س آئینے کو خوبصورت اور صاف ستھرا ہی رہنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ قلم کی بڑی حرمت ہے اور جو صحافی قلم کی حرمت کو سمجھتے ہیں وہ کبھی بھی ایسی خبر شائع نہیں کرتے جس سے کسی کی دل آزاری ہو یا پگڑی اچھالنے کا تاثر ملتا ہو۔