نئی دہلی(ویب ڈیسک) گریلو تنازعات کی زد میں گھرے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باو¿لر محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں نے ایک بار پھر اپنے شوہر پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی کبھی ان سے صلح کرنا ہی نہیں چاہتے تھے ،اب اگر وہ اس سے صلح کرنا چاہیں بھی تو شامی اسے قتل کر دے گا ،میری پہلی شادی کا محمد شامی کو پتا تھا اور ان کے کہنے پر ہی میں نے اپنے بچوں کی بات دنیا سے چھپائی تھی۔بھارتی نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے حسین جہاں کا کہنا تھا کہ میں نے محمد شامی پر کو ئی الزامات نہیں لگائے بلکہ جو حقیقت تھی اسے میڈیا پر لے کر آئی ہوں اور حقائق بیان کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محمد شامی کبھی اس سے صلح کرنا ہی نہیں چاہتے تھے لیکن اب اگر میں اس کے پاس گئی تو وہ مجھے قتل کر دے گا ،اس لئے میں بھی اب اس سے کوئی صلح نہیں کرنا چاہتی۔اپنی پہلی شادی اور دو بچوں کے حوالے سے حسین جہاں کا کہنا تھا کہ محمد شامی نے ہی مجھے اپنی پہلی شادی اور 2بچوں کے بات چھپانے پر آمادہ کیا تھا جبکہ شامی کے اہل خانہ کو بھی میری پہلی شادی اور دو بچوں کے بارے میں پہلے سے علم تھا ،محمد شامی نے مجھے کہا تھا کہ میں اپنی پہلی شادی کے بارے میں کسی سے بات نہ کروں اور اگر کوئی میرے ان بچوں کے بارے میں پوچھے تو میں سب کو یہی کہوں کہ یہ میری بہن کے بچے ہیں۔حسین جہاں نے محمد شامی کے خلاف بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہونے والی تحقیقات پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بی سی سی آئی کی تحقیقات سے مطمئن نہیں ہوں ،بھارتی بورڈ نے شامی کے غلط کاموں کو جان بوجھ کر چھپایا ہے ،بھارتی بورڈ مجھے شامی سے ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ دے تاکہ مجھے بھی پتا چلا کہ کیا اور کیسے تحقیقات ہوئی ہیں ؟۔انہوں نے کہا کہ اب میرے پاس اپنے شوہر کے ساتھ لڑائی کے علاوہ کچھ نہیں بچا ،، اگر شامی کے اہل خانہ اچھے ہوتے تو یہ سب کچھ نہیں ہوتا، تاہم جب تک میں زندہ ہوں ، شامی ہی میرے شوہر رہیں گے۔