قاہرہ(ویب ڈیسک)مصرکی وزارت اوقاف اور مذہبی امور نے ایک کم سن نابینا حافظ قرآن کریم کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ ننھے نابینا حافظ نے نہ صرف قرآن پاک مکمل زبانی یاد کیا ہے بلکہ وہ کتاب اللہ کا انگریزی اور فرانسیسی زبانوں میں ترجمہ کرنے کی خداداد صلاحیت کا بھی مالک ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق مصری وزارت اوقاف کی طرف سے منعقد کردہ تقریب میں وزیراوقاف ڈاکٹر محمد مختار جمعہ خود شریک ہوئے، اس موقع پر کم عمر حافظ قرآن عبداللہ عمار محمد السید اور اس کے اقارب کی بڑی تعداد کو بھی مدعوکیا گیا تھا،یہ تقریب مصرمیں تحفیظ القرآن کے 25 ویں عالمی مقابلے لیے منعقد کی گئی تھی جس میں مصر اور دوسرے ملکوں کے حفاظ قرآن نے بھی شرکت کی۔مصری وزیر کا کہنا تھا کہ نابینا حافظ قرآن ایک سادہ گھرانے سے تعلق رکھتا ہے۔ اس کے والد نے اس کے حفظ قرآن میں اس کی مدد کی۔ اس کیساتھ ساتھ اس کے لیے انگریزی اور فرانسیسی اساتذہ کی بھی خدمات حاصل کی گئیں جو اسے ان دونوں زبانوں میں قرآن پاک کا ترجمہ سکھاتے رہے۔تقریب کے دوران ننھے حافظ نے سورالفاتحہ کی تلاوت کے بعد اس کا انگریزی اور فرانسیسی زبانوں میں ترجمہ بھی کیا جسے دیکھ کر حاضرین بھی دہنگ رہ گئے۔