جڑانوالہ( ویب ڈیسک) صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں ایک 7 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے واقعے کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرکے کاروباری مراکز بند کرا دیئے۔پولیس کے مطابق گذشتہ روز جڑانوالہ میں تھانہ سٹی کی حدود میں کھیتوں سے ایک 7 سالہ بچی کی لاش ملی تھی۔
بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اسے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔بچی سے زیادتی اور قتل کا مقدمہ تھانہ سٹی جڑانوالہ میں بچی کے والد کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر گلا دبا کر قتل کیا۔بعدازاں بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔بچی سے زیادتی اور قتل کے واقعے کے خلاف جڑانوالہ میں شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے زبردستی کاروباری علاقے بند کرا دیئے جبکہ روڈ پر ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کردیا۔