بیجنگ(ویب ڈیسک) چین کا ناکارہ خلائی اسٹیشن ”تیانگونگ 1“ بحر الکاہل کے جنوب میں جزیرہ تاہیتی کے ساحل کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چائنا اسپیس ایجنسی نے بتایا ہے کہ بے قابو خلائی اسٹیشن صبح تقریباً سوا 8 بجے کے قریب 27 ہزار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زمین سے ٹکرایا تاہم زمین کے مدار میں آنے سے قبل خلا میں ہی اس کا بیشتر حصہ تباہ ہو گیا تھا۔
واضح رہے کہ ماہرین نے اس حوالے سے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ زمین کی فضا میں داخل ہوتے ہی خلائی اسٹیشن کو آگ لگ جائے گی اور یہ جل کر راکھ ہو جائے گا لیکن اس کے کچھ حصے زمین تک پہنچ سکتے ہیں۔ 80 ٹن وزنی اس مصنوعی سیارے کے گرنے سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ خلائی اسٹیشن تیانگونگ 1 کو 2011 میں خلا میں بھیجا گیا تھا جس کا مقصد 2022 میں ایک انسان بردار خلائی اسٹیشن قائم کرنے کے منصوبے کے لیے کام کرنا تھا۔اس خلائی اسٹیشن کو 2013 میں واپس بلایا جانا تھا، تاہم اس کے مشن میں توسیع کی جاتی رہی۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق اس خلائی اسٹیشن کو خلا نوردوں نے آخری بار 2013 میں استعمال کیا تھا، تاہم مئی 2017 میں چینی حکومت نے اقوام متحدہ کو بتایا کہ اس خلائی اسٹیشن نے مارچ 2016 میں کام کرنا چھوڑا، لیکن اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی تھی۔تیانگونگ 1 کو ایک کنٹرولڈ پروگرام کے تحت بحرالکاہل میں گرانا تھا لیکن ستمبر 2016 میں چین کی خلائی ایجنسی نے یہ بات تسلیم کی کہ اس کا خلائی اسٹیشن سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔