کراچی (یوا ین پی ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے کہا ہے کہ طویل عرصے بعد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی سے گرین شرٹس کو فائدہ ہو گا۔کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کیلئے ضروری ہے کہ اسے ہوم گراو¿نڈ اور مقامی شائقین کا ایڈوانٹیج اٹھانے کا موقع ملے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ نوجوان اور نئے ٹیلنٹ کو موقع دیا جا رہا ہے ، ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کھلاڑیوں کو اعتماد کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع ملے گا تو انہیں بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے اور وہ اچھی کارکردگی سے ثابت کردیں کہ سلیکٹرز نے ان پر اعتماد کر کے غلطی نہیں کی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ بڑی اچھی بات ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی اور حسین طلعت کو بھی موقع ملا۔ پاکستان کرکٹ کا مستقبل نوجوان کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں ہے جنہیں بھرپور موقع دینا چاہئے تاکہ آئی سی سی کے بڑے ایونٹس کیلئے زیادہ سے زیادہ سے متبادل کھلاڑی میسر آ سکیں۔ وقار یونس کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جو کرکٹ لیگز شروع ہوئی ہیں ا ن سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع ملا جبکہ آمدنی کے بھی مواقع پیدا ہوگئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان کرکٹرز کو تنازعات سے بچتے ہوئے ملنے والے مواقعوں کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے تاکہ مستقبل میں وہ اسٹارز کی شکل میں سامنے آسکیں۔
