واشنگٹن(ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے قطر کے خلاف انتہائی سخت موقف اپنایا، حتیٰ کہ اسے دہشت گردوں کا معاون بھی قرار دے ڈالا، لیکن سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ امریکا کے فوری بعد انہوں نے قطر کے امیر تمیم بن حماد الثانی کی میزبانی کرنے کا فیصلہ کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ مڈل ایسٹ آئی کے مطابق وائٹ ہاوس کی جانب سے گزشتہ روز جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران ہی امریکی صدر قطری امیر کی میزبانی کریں گے اور امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اس ملاقات کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی تلخی کا خاتمہ ہوجائے گا۔ دونوں رہنماوں کے درمیان یہ ملاقات 10 اپریل کو متوقع ہے، جس میں باہمی اقتصادی ترجیحات اور سکیورٹی کے معاملات پر گفتگو کی جائے گی۔