تازہ تر ین

بلے بازوں کو ذمہ داری دیکھانا ہو گی

لاہور(آئی این پی)قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اسد شفیق نے کہا ہے کہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز آسان نہیں ہوگی لیکن ہمارے پاس ایسے کوالٹی پلیئرز موجود ہیں جو کہ کسی بھی ٹیم کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہماری ٹیم کو فاسٹ بولنگ میں برتری حاصل ہے ،محمد عامر اور حسن علی دنیا کی کسی بھی بیٹنگ لائن کو جلد آﺅٹ کرسکتے ہیں ۔ہمیں بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے اور کیمپ میں تمام شعبوں کے ساتھ ساتھ بیٹنگ پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے ۔ انگلینڈ کی کنڈیشنز بیٹنگ کے لئے چیلنجنگ ہیں لیکن ہمارے بلے بازوں کی کوشش ہوگی کہ اچھا سکور بناکر اپنے بولروں کےلئے اچھا موقع فراہم کریں ۔ اسد شفیق نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سیریز میں یاسر شاہ ،مصباح الحق اور یونس خان کی کمی محسوس ہوگی ۔مڈل آرڈر میں گزشتہ چار پانچ سال سے مصباح الحق اور یونس خان نے پاکستانی بیٹنگ کو سنبھالا دیا ہوا تھا تاہم اب کوشش ہوگی کہ میں ،سرفراز اور اظہر علی ان کی ذمہ داری کو نبھانے کی کوشش کریں ۔ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے مقابلے میں میری ٹیسٹ میچز میں پرفارمنس بہتر ہے تاہم کوشش ہے کہ تینوں فارمیٹ میں اچھی پرفارمنس کروں ۔ٹیسٹ میچز میں میرا بیٹنگ نمبر چھٹا تھا جہاں پر بعض اوقات دوسری اننگ میں بیٹنگ کا موقع نہیں ملتا اور اب مینجمنٹ چاہتی ہے کہ میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کروں ۔ڈومیسٹک کرکٹ میں اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کرچکا ہوں۔ اسلئے میرا چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنا مشکل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ یاسر شاہ کا ٹیم میں نہ کھیلنا ایک سیٹ بیک ہے ۔یاسر شاہ ایسا بولر ہے جو کہ دنیا کی کسی بھی کنڈیشن پر کسی بھی کھلاڑی کو آﺅٹ کرسکتا ہے تاہم ہمارے پاس اور اسپنر بھی ہیں جن سے کافی توقعات ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میری کوشش ہے کہ سیریز میں اچھی بیٹنگ کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں ۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain