لاہور(آئی این پی)آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کےلئے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جمعہ کے روز بھی قذافی سٹیڈیم لاہور میںجاری رہا ۔ابتداءمیں پلیئرز کو مخصوص جسمانی ورزشوں کے بعد کوچز کی جانب سے فیلڈنگ پریکٹس کروائی گئی، غیر ملکی قومی کوچ مکی آرتھر نے گراو¿نڈ میں میٹریس بچھوا کر پلیئرز کو ڈائیو لگوا کر کیچ پکڑنے کی بھر پور پریکٹس کروائی۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ کے ان فٹ ہونے کے بعد اسپنر شاداب خان کوچز کی توجہ کا مرکز رہے۔کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور دیگر سٹاف کی نگرانی میں دو مختلف سیشنز میں فیلڈنگ ،بیٹنگ ٹریننگ کی ۔ وکٹ کیپنگ کی پریکٹس کے دوران مشکل کیچز پکڑنے کی ٹریننگ بھی دی گئی ۔ تربیتی کیمپ کیلئے اعلان کردہ ممکنہ کھلاڑیوں میں بیٹسمین اظہرعلی، سمیع اسلم، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، فخرزمان، عثمان صلاح الدین ، فواد عالم، سعد علی، امام الحق، اسپنرز بلال آصف، محمد اصغر، شاداب خان، کاشف بھٹی، فاسٹ بولرز محمد عامر، حسن علی، راحت علی، میر حمزہ شامل ہیں۔ محمد عباس منتخب کھلاڑیوں میں شامل ہیں لیکن کاﺅنٹی کرکٹ میں مصروف ہونے کی وجہ سے کیمپ میں ٹریننگ کے لیے نہیں آئے، وکٹ کیپر سرفراز احمد کپتان، محمد رضوان، آل راﺅنڈرز فہیم اشرف، حسین طلعت شامل ہیں ۔گرومنگ کےلیے شاہین شاہ آفریدی اور موسی خان کو بھی قذافی اسٹیڈیم میں تربیت حاصل کرنے کا موقع مل رہا ہے ۔منتخب 25کرکٹرز کی ٹریننگ کا سلسلہ کل15 اپریل تک جاری رہے گا، بعد ازاں تینوں ٹیسٹ میچز کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا جس میں شامل پلیئرز 18 سے 22 تک قذافی اسٹیڈیم میں ہی ٹریننگ کریں گے، قومی اسکواڈ 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگا۔پہلا ٹیسٹ آئر لینڈ کے شہر ڈبلن میں 11 سے 15 مئی تک ہو گا، میزبان ٹیم اپنی تاریخ میں پہلی بار طویل فارمیٹ کا میچ کھیلے گی، انگلینڈ کے خلاف پہلا میچ 24 سے 28 مئی تک لارڈز، دوسرا یکم سے 5 جون تک لیڈز میں کھیلا جائے گا۔
