اسلام آباد (صباح نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے پنجاب حکومت کی جانب سے ججز کی سیکیورٹی بڑھانے کی درخواست مسترد کردی۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد پنجاب حکومت نے ججز کی سیکورٹی برھانے کی درخواست کی تھی۔ سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے ججز کی سیکیورٹی بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی جسے چیف جسٹس آف پاکستان نے مسترد کردیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ججز کو معمول کی سیکیورٹی کے علاوہ مزید سیکیورٹی کی ضرورت نہیں تاہم عام شہریوں کی حفاظت کے لیے امن وامان میں بہتری لائی جائے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ججز کی اضافی سیکورٹی کی ضرورت نہیں ہے۔
