لندن(آئی این پی)ٹیسٹ کرکٹ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا بائیو میکنگ ٹیسٹ ایک بار پھر ہوگیا،قومی کرکٹر پر امید ہیں کہ اس بار ایکشن کلیئر ہو جائے گا۔آئی سی سی کی نامزد لفبرا یونیورسٹی میں قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر محمد حفیظ کی گیندین ریکارڈ کی گئیں جن کا نتیجہ 14 روز میں سامنے آئے گا۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کی لیب میں ٹیسٹ کرکٹر سے 3 اوورز کرائے گئے اور ان کی ہر گیند کا ریکارڈ کیمروں میں محفوظ رکھا گیا۔محمد حفیظ بولنگ ایکشن ٹیسٹ کے بعد جمعے تک وطن لوٹیں گے، آل راﺅنڈر کا بولنگ ایکشن پہلی بار2005 میں رپورٹ ہوا تھا۔نومبر 2014 میں نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں دوسری بار وہ شک کی زد میں آئے، اپریل 2015 میں کلیئرنس کے 2 ماہ بعد ہی گال ٹیسٹ میں دوبارہ ایکشن رپورٹ ہوگیا۔یوں ایک سال کی پابندی لگ گئی، مدت پوری ہونے کے بعد گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف سیریز میں ایک بار پھر ان کا ایکشن رپورٹ ہوا، آل راﺅنڈر کا اسٹیٹس چھننے کے بعد حفیظ ٹیم کے غیر مستقل رکن بن گئے۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر واضح طور پر کہہ چکے کہ بولنگ کے بغیر ان کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، آئی سی سی کی جانب سے حفیظ کا ایکشن کلیئر ہونے یا نہ ہونے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
