اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے پارٹی قیاد ت کوخبردارکیاہے کہ اگر ان کیخلاف پارٹی کے بعض سرکردہ رہنماوں کی مبینہ سرپرستی میں منفی مہم کاسلسلہ نہ روکاتووہ عام انتخابات میں آزادحیثیت سے حصہ لیں گے۔نجی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیاہے کہ ن لیگ کے قابل اعتماد رہنماوں کے ساتھ بات چیت میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سابق وزیرداخلہ مریم نواز سے ان کی کشیدگی کے حوالے سے پارٹی قائدنوازشریف کے کردار سے ناخوش ہیں۔اطلاعات کے مطابق نوازشریف اپنی صاحبزادی کا ساتھ دے رہے ہیں اور چوہدری نثارکے ساتھ دوریاں ختم کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ پارٹی صدراور پنجاب کے وزیراعلی شہبازشریف سے لاہورمیں حالیہ ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے یہ پیغام دیاکہ اگر سینئر قیادت کی ان پر تنقید کا سلسلہ جاری رہا تووہ پارٹی ٹکٹ پر الیکشن نہیں لڑیں گے جب کہ مریم نواز کے اس بیان نے کہ پارٹی چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرے گی جلتی پر تیل کا کام کیا۔ اگرچہ وزیراعلی پنجاب کے کہنے پر چوہدری نثار نے خاموشی اختیار کی اور پارٹی پالیسیوں پر تنقید سے گریز کیا تاہم مریم نواز کے بیان کا بھرپور جواب دیا۔