لاہور (خصوصی رپورٹ) نابینا افراد نے مطالبات کی منظوری کیلئے لاہور پریس کلب کے باہر اور کلمہ چوک پر دھرنا دے دیا۔ کلمہ چوک پر دھرنے سے میٹرو بس سروس معطل ہوگئی۔ مظاہرے میں شرکت کیلئے خانیوال‘ لیہ‘ سرگودھا اور پنجاب کے دوسرے اضلاع سے نابینا افراد آئے۔ نابینا افراد نے پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تمام عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے اور سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ 2فیصد کے بجائے 5فیصد کیا جائے۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت نے بعض نابینا افراد کو آخری ملازمتیں دے کر ان کی تنخواہیں بند کر دی ہیں۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو وہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کیلئے اسلام آباد کا رخ اختیار کر سکتے ہیں۔ احتجاج کے باعث پریس کلب‘ کینال روڈ‘ فیروزپور روڈ اور ملحقہ علاقوں میں سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہا۔ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نابینا افراد





































