اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اپنے بیان پر قائم ہوں چاہے جو کچھ بھی سہنا پڑے حق بات کروں گا اور میں نے جواب مانگا تھا میرے سوال کا جواب آنا چاہیے تھا۔اسلام آباد میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں کئی سالوں سے کہتا آرہا ہوں کہ اتنی قربانیاں دی ہیں، دنیا ہمارا بیانیہ تسلیم کرنے کو کیوں تیار نہیں، 50 ہزار لوگ شہید ہوئے، آرمڈ فورسز، پولیس اور شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔صحافی نے سوال کیا کہ ‘نان اسٹیٹ ایکٹر سے متعلق آپ اپنے بیان پر قائم ہیں’ جس پر ان کی صاحبزادی مریم نواز نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ پھر آپ نے ضرب عضب کن کے خلاف کیا۔نواز شریف نے مریم نواز کو بولنے سے روکتے ہوئے کہا کہ ‘آپ نہ بولو’۔نواز شریف نے کہا کہ میڈیا میں سوال پوچھنے والے کو غدار کہہ رہے ہیں، غدار ا±سے کہا جارہا ہے جس نے ایٹمی دھماکے کیے، میں حق بات کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا اور حق بات کرنا قومی، دینی اور اخلاقی فرض سمجھتا ہوں۔





































