آزاد کشمیر(ویب ڈیسک )وادی نیلم میں المناک سانحے نے سب کو غم زدہ کر دیا، نالہ جاگراں میں پل کے حادثے میں سیاحوں کے ڈوبنے کے واقعے میں اب تک 7 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ لاپتہ 6 افراد کی تلاش جاری ہے۔ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ نالہ جاگراں میں ڈوبنے والے ایک اور سیاح کی لاش نکال لی گئی جس کے بعد ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی۔کمشنر مظفرآباد کے مطابق لاپتہ ہونیوالوں میں احمد راشد، معظم افتخار کا تعلق ٹپس کالج فیصل آباد جبکہ امتل منصور اور آمنہ کوثر کا تعلق ساہیوال میڈیکل کالج سے ہے، لاہور کی فائزہ نعمان اور مقامی شخص صائم شفاعت کی لاش بھی نہ مل سکی۔ کمشنر کا کہنا ہے لاپتہ سیاحوں کے بچنے کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ایک شخص کی لاش کی شناخت نہیں کی جا سکی جب کہ حادثے میں لاپتہ ہونے والے 6 افراد کی تلاش جاری ہے جس کے لیے پاکستان آرمی، نیوی، ریسکیو 1122 اور پولیس و دیگر لوگ مصروف عمل ہیں۔





































