لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) مسلم لیگ ن کو جتنا نقصان ان کے قائد میاں نواز شریف نے ممبئی حملوں کے حوالے سے متنازع بیان دیکر پہنچایا ہے اتنا اُس پارٹی کو کسی بھی پارٹی کی طرف سے نہیں اُٹھانا پڑا ، پی ٹی آئی اے آئندہ الیکشن میں اکثریت کی حامل جماعت کے طور پر اُبھر کے سامنے آئے گی ، کس علاقے میں کتنی سیٹیں پی ٹی آئی حاصل کرسکے گی اس کا تعین کرنا قبل از وقت ہوگا تاہم یہ طے شدہ بات ہے کہ آنے والے الیکشن پاکستان تحریک انصاف کی فتح ثابت ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماءسینیٹر چوہدری محمد سرور نے روز نامہ خبریں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ایک بڑی جماعت تھی لیکن یہ ماضی کی بات ہو چکی ہے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ ن کو باہر سے کسی بھی جماعت نے اتنا بڑا نقصان نہیں پہنچایا جتنا خود میاں نواز شریف نے ممبئی حملوں کے حوالے سے متنازع بیان دیکر پہنچایا ہے اور ان کے اس بیان کے بعد مسلم لیگ ن کے ووٹروں اور سپورٹروں کے سامنے ان کے قائدین کا ایجنڈا اور اصلح چہرہ کھل کر سامنے آگیا ہے جس کے بعد بڑی تعداد میں لیگی ایم این اے اور ایم پی اے سمیت عوامی حلقوں تک نے محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے مسلم لیگ ن سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ انھوں نے 2018ءکے الیکشن کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ان انتخابات میں اکثریت کی حامل جماعت کے طور پر اُبھر کے سامنے آئے کی جس کے آثار عام فہم شہری بھی دیکھ رہا اور اس میں کسی صورت دو رائے نہیں لیکن پی ٹی آئی کس جگہ سے کتنی سیٹیں حاصل کرے گی یہ بتانا قبل از وقت ہوگا کیونکہ انتخابات سے ایک روز قبل تک بھی سیاسی اتار چڑھاﺅ ہوتے رہتے ہیں اور ویسے بھی ن لیگ کا وطیرہ “دھاندلی”جو کہ ہر الیکشن میںکھل کر سامنے آتا ہے اس صورت کو بھی اگر مد نظر رکھا جائے تو سیٹیں حاصل کر نے والے علاقوں کا تعین کرنا انتہائی مشکل ہے ۔ چوہدری سرور نے پی ٹی آئی کی کامیابی کی صورت میں ملک و قوم کی بہتری کیلئے بنائے جانے والے ایجنڈے بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کا خواب ہے کہ اس ملک سے غربت ، جہالت ، کرپشن اورنسل درنسل بادشاہت کے اندھیرے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے مٹاتے ہوئے وطن عزیز کو ترقی اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن کرے جبکہ ہر نئے آنے والے دن کے ساتھ ساتھ ملک پر ایم ایف کے قرضوں کے بوجھ کے حوالے سے بھی عمران خان انتہائی فکر مند ہیں اور اقتدار میں آنے کے بعد انھوں نے ملک کوقرضے کی لعنت سے بھی پاک کر نے کے حکمت عملی بنا رکھی ہے جو اقتدار میں آنے کے بعد بروئے کار لائی جائے گی تاکہ ہر پاکستانی خوشحال پاکستان میں حقیقی طور پرہر قسم کے قرضے سے آزاد پاکستانی کے طورپر سانس لے سکے ۔ نگران سیٹ اپ کے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ نگران سیٹ اپ معینہ مدت کے اندر اندر شفاف الیکشن کروا کر اپنے فرائض کو احسن طریقے سے پورا کر ے گا تاکہ جمہوریت کا تسلسل کسی صورت ڈی ریل نہ ہو۔




































