لاہور(نیوزایجنسیاں) انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت کرنے والے سمیع اسلم، اسد شفیق، سعد علی اور امام الحق آج وطن واپس روانہ ہوں گے۔اظہر علی اور عثمان صلاح الدین بعد میں وطن واپس آئیں گے، محمد عباس کاﺅنٹی کرکٹ میں دوبارہ شمولیت کیلئے منگل کو ہی لیسٹر روانہ ہو گئے تھے۔ یاد رہے کہ اسد شفیق اور اظہر علی کی کاﺅنٹی کرکٹ میں معاہدوں کیلیے بھی بات چیت چل رہی ہے تاہم اس ضمن میں تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔گرین شرٹس نے پہلے آئرلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میں شرکت کی اور اس نے میزبان ٹیم کو واحد ٹیسٹ میں شکست فاش سے دوچار کیا، اس کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی گئی جو کہ 1-1 سے برابر رہی۔
