کوالالمپور (اے پی پی) ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ملائیشیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 147 رنز کے واضح مارجن سے ہرا کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، ملائیشین ٹیم 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 30 رنز پر ڈھیر ہو گئی، 10 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہیں، کپتان بسمعہ معروف نے مسلسل دوسری ففٹی بنائی اور 62 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہیں، ندا ڈار نے 5 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں، بھارت اور بنگلہ دیش نے بھی فتوحات حاصل کیں۔ جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن نے ملائیشین ویمن کو با آسانی 147 رنز سے ہرا کر تیسری کامیابی سمیٹی، پاکستان ویمن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے، کپتان بسمعہ معروف نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ندا ڈار 41، جویریہ خان 31، جویریہ راﺅف 13 اور ناہیدہ خان ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئیں، ثناءمیر 14 اور نین عابدی 9 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہیں، عائنہ، ساشہ عظمی اور زومیکا نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں ملائیشین ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 18.4 اوورز میں صرف 30 رنز پر ڈھیر ہو گئی، صرف ایک کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کر سکی، ندا ڈار نے 5 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ثناءمیر، ناشرہ اور جویریہ خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا، بھارت ویمن نے سری لنکا ویمن کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی سمیٹی، بنگلہ دیش ویمن نے تھائی لینڈ ویمن کو 9 وکٹوں سے زیر کیا۔
