نیویارک(سی پی پی) اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پاکستانی پیسر محمد آصف نے کہا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کرکٹ میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورجینا میں مقامی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میرا مشاہدہ ہے کہ پاکستانی ہر جگہ بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں۔محمد آصف نے کہا کہ اگر پاکستان میں سلیکشن کا معیار ہی پی ایس ایل بن گئی تو وہاں ٹیسٹ کے کھلاڑی کہاں سے ملیں گے۔، اگر ٹیسٹ میچزجیتنا ہیں تو ملک میں گراس روٹ پر کھیل کو فروغ دینا ہوگا۔محمد آصف نے کہا کہ ٹیم کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ وہ انگلینڈ کے ہوم گراﺅنڈ پر ٹیسٹ کھیلنے جا رہے ہیں جہاں سخت مقابلے کا سامنا ہوگا، اس میں کوئی شک نہیں کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ غلط تھا، ہمیں اپنی بولنگ پر اعتماد کرنا چاہیے تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوچکی،توقع ہے کہ جلد مزید بین الااقوامی کرکٹ کھیلی جائے گی، پاک بھارت مقابلے بھی ہونے چاہئیں کیونکہ یہ دونوں ممالک کے عوام کی خواہش ہے، محض سیاست کی وجہ سے کرکٹ نہیں ہورہی حالانکہ جب کبھی باہمی مقابلے ہوں پوری دنیا کی توجہ ان پر ہوتی ہے۔
