ممبئی (ویب ڈیسک) پاکستان سے انڈیا لائی جانے والی قوتِ سماعت و گویائی سے محروم لڑکی گیتا کی شادی کی تیاریاں ہیں لیکن ابھی تک انھیں کوئی لڑکا پسند نہیں آیا ہے۔ان کی شادی میں خود انڈیا کی وزیر خارجہ سشما سوراج دلچسپی لے رہی ہیں جن کی کوششوں کے نتیجے میں ہی گیتا کو تقریباً ڈھائی سال پہلے کراچی سے انڈیا لایا گیا تھا۔کراچی میں ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ایدھی فاو¿نڈیشن نے سنبھال رکھی تھی۔گیتا دس گیارہ سال کی تھیں جب سرحد کےقریب پاکستانی رینجرز کو ملی تھیں۔ اس کے بعد انھوں نے دس سال سے زیادہ پاکستان میں گزارے لیکن یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ وہ سرحد پار کیسے پہنچی تھیں۔
ہندوستان کی بیٹی ،گیتا کی انڈیا واپسی کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سشما سوارج نے انھیں ‘ہندوستان کی بیٹی’ کہا تھا اور ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا تھا کہ ان کے والدین کو ڈھونڈنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔اس کے بعد انھیں تعلیم و تربیت کے لیے مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں گونگے بہرے بچوں کے ایک ادارے کے سپرد کر دیا گیا تھا۔
