امریکہ( ویب ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تارکین وطن کے بچوں کو والدین کے ساتھ رہنے کی اجازت دینے سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے بعد خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے گزشتہ روز ٹیکساس میں قائم کیمپ کا دورہ کیا، جہاں امیگریشن کے دوران والدین سے دور کیے گئے بچوں کو رکھا گیا تھا۔تاہم اس موقع پر میلانیا ٹرمپ کی ایک جیکٹ توجہ کا مرکز بن گئی، جس کی پشت پر سفید پینٹ سے انگریزی میں درج تھا ‘?I REALLY DON’T CARE, DO U’ یعنی ‘مجھے کسی کی پروا نہیں،کیا آپ کو ہے؟’میلانیا ٹرمپ کی یہ ہوڈی جیکٹ سبز رنگ کی تھی، جسے فیشن چین ‘زارا’ نے ڈیزائن کیا تھا۔تاہم خاتون اول نے ٹیکساس پہنچنے پر یہ جیکٹ اتار دی تھی۔میلانیا ٹرمپ کے ترجمان اسٹیفنی گریشم نے صحافیوں کو بتایا، ‘یہ ایک جیکٹ ہے، جس کے پیچھے کوئی خفیہ پیغام نہیں ہے، مجھے امید ہے کہ آج کے ٹیکساس کے اہم دورے کے بعد میڈیا ان کی وارڈروب پر توجہ مرکوز نہیں کرے گا۔’دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ‘میلانیا نے جیکٹ کے ذریعے سے فیک نیوز میڈیا (Fake News Media) کو پیغام دیا ہے، اب میری بیوی کو بھی معلوم ہوگیا ہے کہ میڈیا بے ایمان ہے اور اب انہیں بھی اس کی پروا نہیں ہے’۔