لاہور (ویب ڈیسک )سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج اتحاد ایئر ویز کی پرواز سے وطن واپس پہنچ رہے ہیں اور کارکنان اپنے قائد کا استقبال کرنے کیلئے لاہور ایئر پورٹ جانے کی کوششوں میں لگے ہیں لیکن نگراں حکومت نے ن لیگ کی سینئر قیادت کو نظر بند کرنے کا فیصلہ کر لیاہے جس میں سعد رفیق بھی شامل ہیں جبکہ پولیس نے ن لیگ کے رہنماﺅں کے خلاف فیصل آباد میں بھی کریک ڈا?ن شروع کر دیاہےاور پکڑ دھکڑ شروع کر دی ہے، دوسری جانب لاہور کے متعدد علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ن لیگ کے سابق ایم پی اے جعفر علی ہوچہ کارکنوں سے ریلی کی شکل میں لاہور آنے کیلئے تیار ہوئے تو پولیس ان کے گھر پہنچ گئی اور کارکنوں سمیت انہیں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسری جانب سابق وفاقی وزیر رانا افضل بھی گھر سے ریلی کی شکل میں لاہور آنے کیلئے نکلے تھے کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر انہیں روک لیاہے۔لاہور کے فیروز والا اور کوٹ عبدالمالک سمیت تمام اینٹری پوائنٹس پر پولیس اور رینجرز کو تعینا کر دیا گیاہے جبکہ ایئرپورٹ میں بھی رینجرز نے کنٹرول سنبھا ل لیاہے اور ایدھی ایمبولینس سروس سبھی ایئر پورٹ پہنچا دی گئی ہے۔





































