مشی گن(ویب ڈیسک) ایک امریکی شہری حیرت انگیز طور پر اپنے پاﺅں کو 180 ڈگری کے رخ پر موڑ کر الٹے قدموں چل سکتا ہے۔امریکی شخص موسس لینہم کو 14 سال کی عمر سے اپنے پاﺅں کو مخالف سمت میں موڑ کر پیدل چلنے پر ’مسٹر پلاسٹک‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے اور ایسی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔ انہیں یہ انوکھی صلاحیت اس وقت حاصل ہوئی جب وہ ورزش کے دوران جم میں دو بلند دیواروں کے درمیان تنی ہوئی ایک رسی پر چلنے کی کوشش میں نیچے گرگئے تھے۔اس حادثے کے بعد موسس کو اپنے پیروں میں نمایاں تبدیلی محسوس ہوئی اور جلد وہ جان گئے کہ بغیر تکلیف کے وہ اپنی ٹانگوں کو 180 ڈگری کے زاویئے پر موڑ کر چل سکتے ہیں۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ ایسا ٹانگوں، گھٹنوں اور کولہوں کے جوڑوں میں کارٹیلیج (کرکری ہڈی) کی دگنی مقدار کی موجودگی سے ہوتا ہے۔lenhimانسانی جسم کے جوڑوں میں ہڈیوں کے درمیان ایک نرم، چکنی اور لچک دار ہڈی ہوتی ہے جسے ”کرکری ہڈی“ یا کارٹیلیج کہا جاتا ہے۔ یہ کسی جوڑ پر ہڈیوں کے آپس میں ملنے والے مقام پر ہڈیوں کی سطح کو چکنا رکھتی ہے جس سے ہڈیوں کو حرکت اور موڑنے کے دوران تکلیف نہیں ہوتی اور ہم آسانی سے اٹھ بیٹھ سکتے ہیں۔ تاہم موسس میں کارٹیلیج اور متعلقہ بافتوں (ٹشوز) دگنی تعداد میں ہونے کی وجہ سے وہ اپنے پاﺅں کو گھٹنے سے 180 ڈگری زاویئے تک موڑ سکتے ہیں۔