اسلام آباد (ویب ڈیسک ) صدارتی الیکشن کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کی مولانا فضل الرحمان کی درخواست پر پیپلزپارٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا۔گزشتہ روز جے یوآئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں انہوں نے صدارتی الیکشن کے لیے اعتزاز احسن کو دستبردار کرنے اوراپوزیشن کا مشترکہ امیدوار لانے کی درخواست کی تھی جس پر سابق صدر نے کوئی حتمی جواب نہیں دیا تھا۔ذرائع کےمطابق آصف علی زرداری نے اس معاملے پر آج پارٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں پیپلزپارٹی کی سینئر قیادت شریک ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس شام 5 بجے اسلام آبادمیں طلب کیا گیا ہے جس میں مولانا فضل الرحمان کی جانب سے صدارتی الیکشن میں مشترکہ امیدوار لانے کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے گا۔واضح رہےکہ گرینڈ اپوزیشن الائنس نے صدارتی انتخاب کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان کیا تھا لیکن پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن کو امیدوار نامزد کیا گیا جس پر مسلم لیگ (ن) نے شدید اعتراض کیا اور امیدوار کی تبدیلی کا مطالبہ کیا لیکن آصف زرداری نے امیدوار کی تبدیلی سے انکار کردیا۔پیپلزپارٹی کی طرف سے اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹے رہنے کے بعد مسلم لیگ (ن) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو امیدوار نامزد کردیا ہے۔ملک میں آئندہ صدر کے انتخاب کے لیے الیکشن 4 ستمبر کو ہوں گے۔
