جارجیا(ویب ڈیسک) ایک 19 سالہ نوجوان نے کسی آلے کے بغیر پانی کے اندر سانس روک کر 6 بے ترتیب ریوبِک کیوب کو درست کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔جارجیا کے شہر تبلِسی کے ایک نوجوان واکو مارک ویش ویلی نے 1 منٹ 44 سیکنڈ پانی کے اندر سانس روک کر گزارے۔ اس دوران انہوں نے ریوبک کیوب کے 6 معمے حل کرکے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروادیا ہے۔واکو نے اس کا مظاہرہ تبلسی کے گائنو واٹرپارک میں کیا اور انہیں پانی کے ایک شفاف ٹینک میں اتارا گیا جس کی تہہ میں بیٹھ کر انہوں نے ریوبک کیوبز حل کردیئے۔ اس موقع پر بہت سے تماشائیوں کے ساتھ ساتھ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے بھی موجود تھے۔ان کے سامنے عملی مظاہرے کے بعد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے واکو کو پانی کے اندر سب سے زیادہ ریوبک کیوب حل کرنے کا سرٹیفکیٹ عطا کیا ہے۔واکو نے ریکارڈ قائم کرنے کے بعد کہا کہ انہوں نے اس ریکارڈ کو توڑنے کےلیے دن رات محنت اور مشق کی ہے۔ پانی کے اندر معمولی سے غلطی بھی جان لیوا ثابت ہوسکتی تھی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ریکارڈ ایک طویل عرصے تک ان کے نام رہے تھے۔اس سے قبل یکم اگست 2014 کو نیوجرسی کے اینتھونی بروکس نے ایک ہی سانس میں پانچ ریوبک کیوب حل کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا تھا جسے اب واکو نے توڑدیا ہے۔