کراچی (یواین پی) پاکستانی اوپنر شرجیل خان نے وزیر اعظم ، آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے انصاف کی فراہمی کیلئے اپیل کر دی۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنی ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے کہا کہ وہ بھی پاکستانی شہری ہیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد شرجیل خان پر پی سی بی نے پانچ سال کی پابندی عائد کر دی تھی۔ بعدازاں شرجیل خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بورڈ کے فیصلے کیخلاف پٹیشن دائر کی جس کو عدالت نے خارج کر دیا تھا۔ ان پر پی ایس ایل میں دو ڈاٹ گیندیں کھیلنے کا الزام عائد کیا گیا۔ سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف اور عاقب جاوید نے میچ کی ویڈیو فوٹیج دیکھنے کے بعدردعمل ظاہر کیا تھا کہ کوئی بھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ شرجیل نے دو گیندیں جان بوجھ کر روکیں۔ گزشتہ روز ویڈیو پیغام میں شرجیل خان کا کہنا تھا کہ ان کیساتھ سراسر زیادتی کی گئی اور ان کی کہیں شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک وقوم کی خدمت کر چکے اور مستقبل میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔ شرجیل خان کے مطابق انہوں نے ایسا کوئی غلط کام نہیں کیا جس سے بیرونی دنیا میں ملک کی بدنامی ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے کیس کا ازسر نو جائزہ لیا جائے کیونکہ ان کیساتھ بالکل بھی انصاف نہیں کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کے معاملے پر سوموٹو ایکشن لے کر انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔





































